کراچی میں 100 افراد کے قتل کا منصوبہ بنانے والے 6 ٹارگٹ کلرز گرفتارسی ٹی ڈی

ملزمان کے قبضے اسلحے کےعلاوہ کمپیوٹرہارڈ ڈسک بھی برآمد ہوئی جس میں ان کی کارروائیوں کی تفصیل موجودہے،ایس ایس پی


ویب ڈیسک June 30, 2016
ملزمان کے قبضے اسلحے کےعلاوہ کمپیوٹرہارڈ ڈسک بھی برآمد ہوئی جس میں ان کی کارروائیوں کی تفصیل موجودہے،ایس ایس پی، فوٹو؛ ایکسپریس/ محمد عظیم

کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے رمضان المبارک کے دوران 100 افراد کے قتل کا منصوبہ بنانے والے 6 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔

ایس ایس پی کراچی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نوید خواجہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سی ٹی ڈی نے شہر میں مذہبی جماعت کے رہنماؤں اور کارکنان کو نشانہ بنانے والے گروہ کے6 ملزمان گرفتار کیا ہے، گرفتار ملزمان کی شناخت محمد علی، شیراز، حامد، اسرار اور پرویز کے نام سے ہوئی ہے۔ یہ ملزمان اپنے ہدف کا تعاقب اور ریکی کے علاوہ ان کی نقل و حرکت کا مکمل ریکارڈ بھی رکھتے تھے جب کہ ان کے قبضے اسلحہ اور دستی بم کے علاوہ کمپیوٹر ہارڈ ڈسک بھی برآمد ہوئی ہے جس میں ان کی کارروائیوں کی تفصیل موجود ہے۔

نوید خواجہ کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان نے دوران تفتتیش 2012 میں گلشن اقبال میں مذہبی رہنما اورنگزیب فاروقی پر حملے کا اعتراف بھی کیا ہے، جس میں 4 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے تاہم اورنگزیب فاروقی محفوظ رہے تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے 2015 میں سائٹ میں اہلسنت والجماعت کے رہنما فیاض خان کو بھی قتل کیا۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی کا کہنا تھاکہ گرفتار ملزمان رمضان المبارک میں شہر قائد کا امن خراب کرنا چاہتے تھے، اس سلسلے میں اہم شخصیات سمیت 100 افراد کے قتل کی منصوبہ بندی کررکھی تھی اور اس کے لیے انہوں نے اپنے اہداف کی ریکی بھی مکمل کرلی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں