شاہد حامد قتل کیس ایم کیو ایم قائد سمیت 3 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی، عدالت


ویب ڈیسک July 01, 2016
مقدمے کی نقول ملزم منہاج قاضی کو فراہم کر دی گئی ہیں، تفتیشی افسر۔ فوٹو:فائل

سابق ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد قتل کیس میں قائد ایم کیو ایم الطاف حسین سمیت 3 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شاہد حامد قتل کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ہوئی۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے شاہد حامد کے قتل کے الزام میں گرفتار نائن زیرو کے سیکیورٹی انچارج منہاج قاضی کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔ کیس کے تفتیشی افسر سرور کمانڈو نے عدالت کو بتایا کہ شاہد حامد قتل کیس میں قائد ایم کیو ایم الطاف حسین، رہنما ندیم نصرت، اطہر اور سہیل زیدی مفرور ہیں جب کہ کیس میں نامزد ایک اور ملزم راشد اختر عرف شیخ کے ملنے کا امکان نہیں ہے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کی نقول بھی ملزم منہاج قاضی کو فراہم کر دی گئیں ہیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر کے دلائل سننے کے بعد قائد ایم کیو قائد سمیت 3 مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت کے موقع پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

واضح رہے کہ سابق ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد کو 1997 میں فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا جب کہ اس کا مقدمہ ڈیفنس تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ شاہد حامد قتل کیس میں صولت مرزا کو پھانسی دی جا چکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں