بنگلا دیش میں مغویوں کی بازیابی کیلئے آپریشن مکمل غیر ملکی ریسٹورنٹ پر حملہ کرنیوالے تمام دہشت گرد ہلاک

3 غیر ملکیوں سمیت 13 شہریوں کو بازیاب کرایا گیا، بنگلادیشی کمانڈر کرنل مسعود


ویب ڈیسک July 02, 2016
ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان۔ فوٹو: اے ایف پی

بنگلا دیش کے دارالحکومت میں مغویوں کی بازیابی کے لئے شروع کیا جانے والا آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جب کہ سفارتی علاقے میں واقع غیر ملکی ریسٹورنٹ پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ہوٹل کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش آرمی کے کمانڈوز نے آپریشن کر کے ڈھاکا کے سفارتی علاقے میں واقع غیر ملکی ریسٹورنٹ سے مغویوں کو بازیاب کراکے علاقے کو کلیئر قرار دے دیا ہے۔ بنگلادیشی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل مسعود کہ آپریشن کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ 3 غیر ملکیوں سمیت 13 شہریوں کو بازیاب کرایا گیا، بازیاب کرائے گئے غیر ملکیوں میں جاپانی، بھارتی اور ارجنٹائن کا شہری شامل ہے، ہلاک دہشت گردوں کی لاشوں کو قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

بنگلا دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے ہوٹل پر اچانک حملہ کیا جسے سیکیورٹی فورسز نے پسپہ کردیا، یرغمالیوں کی بازیابی اور حملہ آوروں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز مبارکباد کی مستحق ہیں۔ دوسری جانب جاپان کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ حملے میں ہمارا ایک شہری زخمی ہوا جب کہ 7 لاپتہ ہیں۔

پاکستان نے بنگلا دیش میں غیر ملکی ریسٹورنٹ پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ کھڑے ہیں، امید ہے کہ بنگلا دیشی حکومت بزدلانہ دہشت گردی کے واقعات کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی جب کہ بنگلادیش میں مقیم تمام پاکستانی محفوظ ہیں۔ امریکا نے بھی دہشت گرد حملے کے بعد تمام ممالک میں اپنے سفارتخانوں کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے۔ امریکا کا کہنا ہے کہ حملے سے متعلق معلومات کا ہر طرح سے جائزہ لے رہے ہیں تاہم ابھی حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ حملہ داعش نے کیا ہے۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے سفارتی علاقے میں موجود غیر ملکی ریسٹورنٹ میں قائم کیفے میں نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر کے 5 افراد کو ہلاک اور 30 کو زخمی کر دیا تھا جب کہ حملہ آوروں نے 60 افراد کو یرغمال بھی بنالیا تھا، پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مغویوں کی بازیابی کے لئے آپریشن شروع کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔