شریف خاندان کے احتساب سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے عمران خان

شریف خاندان کی بادشاہت کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی، چیرمین تحریک انصاف

وزیراعظم نواز شریف اور (ن) لیگ کی حکومت ٹی او آرز سے ڈر رہی ہے، عمران خان. فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ شریف خاندان کے احتساب سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پہلے کی نسبت حالات قدرے بہتر ہیں لیکن سندھ حکومت نے کراچی پولیس کو تباہ و برباد کردیا گیا ہے، رینجرز کو امجد صابری کے قاتلوں کو ہر صورت گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچانا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں شریف خاندان کی بادشاہت قائم ہے لیکن اس بادشاہت کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی، لاہور میں میری بہن کے ساتھ جو کچھ ہوا اس کا ذمہ دار بھی شریف خاندان ہی ہے۔


عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اور ان کی حکومت پاناما پیپرز کی تحقیقات کے لئے ٹی او آرز سے ڈر رہی ہے جس طرح 4 حلقے کھولنے سے ڈر رہی تھی۔ احتساب پانامہ پیپرز سے شروع ہوگا اور ہم شریف خاندان کے احتساب سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انھوں نے کہا کہ میری بھی آف شور کمپنی تھی، میرا بھی احتساب کریں لیکن مجھے کسی چیز کا خوف نہیں کیونکہ مجھے پتہ ہے کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، سب کا احتساب ہونا چاہیئے اور جن ٹی او آرز پر وزیراعظم کا احتساب کرنا ہے انھی پر میرا بھی احتساب کیا جائے، عید کے بعد پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے عدالت بھی جائیں گے۔

تحریک انصاف کے چیرمین کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس عوامی طاقت ہے، جب چاہیں شہر بند کر سکتے ہیں اور اس بار ایک تربیت یافتہ جماعت سڑکوں پر آئے گی۔ انھوں نے کہا کہ کراچی کے الیکشن میں تحریک انصاف کی ناکامی کی وجہ تنطیم کا نہ ہونا ہے لیکن اس حوالے سے ہم کام کر رہے ہیں اور عید کے بعد سندھ کا دورہ کروں گا۔

Load Next Story