مسجد نبوی میں نوجوان کا روزے داروں کو افطار دسترخوان پر لانے کا منفرد انداز

روزہ داروں کی پیشانیوں پر بوسہ دے کر دلی سکون اور خوشی محسوس کرتا ہوں، نوجوان محمد ابراہیم


ویب ڈیسک July 02, 2016
اس  سے کوئی غرض نہیں کہ سوشل میڈیا پر میرے بارے میں لوگ کس طرح کے خیالات کا اظہار کررہے ہیں، محمد ابراہیم۔ فوٹو: العربیہ ڈاٹ نیٹ

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت سعودی عرب کی تقریباً تمام بڑی مساجد میں رمضان المبارک کے دوران مخیر حضرات کی جانب سے روزے داروں کے لئے افطاری کا اہتمام کیا جاتا ہے تاہم مسجد نبوی میں ایک شخص کی روزے داروں کو افطار دسترخوان پر لانے کے لئے ان کی پیشانیوں کو چومنے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر بہت مقبول ہو رہی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مسجد نبوی میں محمد ابراہیم نامی نوجوان کی ایک ویڈیو آج کل انٹرنیٹ پر تیزی کے ساتھ مقبول ہو رہی ہے جس میں اسے روزے داروں کی پیشانیوں کو چومتے دیکھا جا سکتا ہے، اس ویڈیو کو لوگوں کی بڑی تعداد نے سراہا ہے۔

محمد ابراہیم کو روزہ داروں کی اس طرح سے خدمت کی ذمہ داری مسجد نبوی کے خطیب الشیخ عبدالمحسن نے دی ہے جو خود بھی ابراہیم کے اس منفرد عمل سے بہت متاثر ہیں۔ الشیخ عبدالمحسن نے محمد ابراہیم کی جانب سے روزہ داروں کو افطار دستر خوان پر لانے کی ترغیب دینے کے لیے اپنائے جانے والے طریقے کو منفرد اور بہترین قرار دیا ہے۔

محمدابراہیم کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میں روزہ داروں کی پیشانیوں پر بوسہ دے کر دلی سکون اور خوشی محسوس کرتا ہوں۔ اس کا کہنا ہے کہ مجھے اس سے کوئی غرض نہیں سوشل میڈیا پر میرے بارے میں لوگ کس طرح کے خیالات کا اظہار کررہے ہیں، میری توجہ صرف روزہ داروں کو دستر خوان پر لانے، انہیں بٹھانے اور افطاری میں ان کی مدد کرنے پر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں