امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن کی سیکریٹری خارجہ سے ملاقات افغان مہاجرین کی واپسی پرتبادلہ خیال

افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، امریکی نمائندہ خصوصی


ویب ڈیسک July 02, 2016
پاکستان اورافغانستان کو اس اہم معاملے کو بات چیت اور باہمی مشاورت سے حل کرنا چاہئے، ترجمان دفتر خارجہ:فوٹو:فائل

KARACHI: امریکا کے نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن نے سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری سے ملاقات کی جس میں پاک امریکا تعلقات اورافغانستان سمیت علاقائی صورتحال پربات چیت کی گئی۔

ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری سے امریکا کے نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن کی دفترخارجہ میں ملاقات ہوئی جس میں پاک امریکا تعلقات اورافغانستان سمیت علاقائی صورتحال پربات چیت کی گئی جب کہ انسداددہشت گردی کی کوششوں اورپاک افغان بارڈرپرسیکیورٹی سمیت بارڈر مینجمنٹ کے معاملے پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے ملاقات میں سلامتی اموراوربہترسرحدی انتظامات پرپاکستان اور افغانستان کے مابین ایک اعلیٰ سطح کے مشاورتی میکنزم کے قیام پر امریکی وفد کو سراہا۔ اعزاز چوہدری نے افغان مہاجرین کا معاملہ امریکا کے سامنے اٹھاتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغان مہاجرین کی جلد باعزت وطن واپسی چاہتا ہے جب کہ بین الاقوامی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور اقوام متحدہ کے کمیشن برائے مہاجرین کو ان کوششوں کی حمایت کرنا چاہیے۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے چارملکی رابطہ گروپ کواہم سمجھتے ہیں۔

امریکا کے نمائندے خصوصی رچرڈ اولسن نے باہمی دلچسپی کے امورپر پاکستان اور امریکا کے مابین موجود گہرے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشی استحکام اورانسداد دہشت گردی کے لیے پاکستانی اقدامات قابل تحسین ہیں جب کہ افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، امریکی خصوصی نمائندہ نے افغانستان میں طویل المدت امن اور اعتدال کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں