ملک بھر میں آج رمضان المبارک کی 27 ویں شب عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے

ملک بھر کی مساجد اور گھروں میں مسلمان اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کے لیے رات بھر خصوصی عبادات کررہے ہیں


ویب ڈیسک July 02, 2016
لیلۃ القدر کے حوالے سے قرآن کریم میں آیا ہے کہ یہ رات ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ فوٹو: فائل

ملک بھر میں آج رمضان المبارک کی ستائیسویں شب مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے جب کہ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

لیلۃ القدر کی تلاش کے لئے ملک بھر میں آج رمضان المبارک کی 27 ویں شب انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر مساجد کو رنگ برنگی برقی قمقموں سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے جب کہ مساجد کی سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ مسلمان اللہ کا قرب حاصل کرنے کے لئے رات بھر خصوصی نوافل ادا کریں گے اور اپنی مغفرت اور بخشش کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی دعائیں مانگیں گے۔ اس کے علاوہ ملک کی سیکڑوں مساجد میں آج نماز تراویح کے دوران ختم قرآن بھی ہوئے جب کہ مختلف مساجد میں صلاۃ التسبیح کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان لیلۃ القدر کی تلاش کے لئے رات بھر ذکرو اذکار میں مشغول رہ کر نوافل ادا کر تے ہیں۔ لیلۃ القدر کے حوالے سے قرآن کریم میں آیا ہے کہ یہ رات ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں