کولمبو ٹیسٹ کیوی بیٹسمین خواب غفلت سے جاگ اٹھے

سنچری میکرز ٹیلر اور ولیمسن کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے 262 کی ریکارڈ شراکت


Sports Desk November 27, 2012
کولمبو ٹیسٹ: دوسرے دن نیوزی لینڈ کے کپتان روس ٹیلر زور دار شاٹ کھیل رہے ہیں، سری لنکا کیخلاف انھوں نے 142 رنز کی شاندار اننگز کے ذریعے ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنادی۔ فوٹو: اے ایف پی

گال میں بدترین ناکامی کا شکار ہونے والے کیوی بیٹسمین کولمبو ٹیسٹ میں خواب غفلت سے جاگ اٹھے، پہلی اننگز میں ٹیم نے412 کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجادیا۔

سنچری بنانے والے روس ٹیلر اور کین ولیمسن کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے 262کی ریکارڈ شراکت قائم ہوئی، رنگانا ہیراتھ نے 6وکٹیں لیں،دوسرے دن کے اختتام پر میزبان سائیڈ جوابی اننگز میں 43 پر دلشان، مہیلا جے وردنے اور سنگاکارا کی اہم وکٹوں سے محروم ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق کولمبو ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے بھرپور کم بیک کرتے ہوئے412 رنز بنا لیے،کپتان روس ٹیلر نے142 اور کین ولیمسن نے 135 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں، دونوں کے درمیان 262 رنز کسی بھی وکٹ کیلیے آئی لینڈرز کیخلاف کیویز کی بہترین پارٹنر شپ ہے، اس سے قبل جیف کرو اور رچرڈ ہیڈلی نے1987 میں 246 کی ناقابل شکست شراکت بنائی تھی۔

حالیہ میچ میں ہیراتھ نے دونوں سنچری میکرز کو ایل بی ڈبلیو کیا، اوپنر گپٹل اور میک کولم 4،4 رنز بنا سکے،وان کروگر وان صفر اورٹوڈ ایسٹل3رنز کے بعد ڈینئیل فلائن نے 53 کی اننگز کھیل کر ٹیم کو 400 کا ہندسہ عبور کرایا،سری لنکا کی جوابی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، دن کے اختتام پر3 وکٹیں کھوکر 43 رنز ہی بنائے تھے، میتھیوز20 اور تھارنگا پرانا ویتانا9پر ناٹ آئوٹ ہیں، دلشان 5، مہیلا جے وردنے 4اور سنگاکارا صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، سائوتھی نے تین گیندوں پر 2 وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں