بیسٹ کے سامنے بنگلہ دیش کی دال نہ گل پائی

ویسٹ انڈیز سے دوسرے ٹیسٹ میں 10 وکٹ کی شکست، سیریز میں 2-0 سے ناکامی۔


Sports Desk November 27, 2012
ویسٹ انڈیز سے دوسرے ٹیسٹ میں 10 وکٹ کی شکست، سیریز میں 2-0 سے ناکامی۔ فوٹو فائل

ٹینو بیسٹ کے سامنے بنگلہ دیش کی دال نہ گل پائی،میزبان ٹیم دوسرے ٹیسٹ میں 10 وکٹ کی شکست کے ساتھ سیریز بھی 2-0 سے ہارگئی۔

ناصر حسین نے میزبان سائیڈ کو اننگز کی ناکامی سے تو بچایا مگر خود 6 رنز کے فرق سے پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل نہیں کرپائے، بنگلہ دیش دوسری اننگز میں287 رنز پر آئوٹ ہوا، ویسٹ انڈیز نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 27 رنز کا ہدف حاصل کرلیا، کرس گیل نے 20 اور کیرن پاول نے 9 رنز بنائے، بنگلہ دیش کو حسب توقع دو میچز کی اس سیریز میں وائٹ واش کا سامنا تو کرنا پڑا مگر دونوں مقابلوں میں بنگال ٹائیگرز میں فائٹنگ اسپرٹ ضرور دکھائی دی، اس بار انھیں اننگز سے ناکامی کی خفت سے دوچار نہیں ہونا پڑا۔

واضح رہے کہ اب تک کھیلے گئے 75 ٹیسٹ میں بنگلہ دیشی ٹیم کو34 مرتبہ ایک اننگز سے شکست ہوئی۔ بنگلہ دیش نے دوسری باری میں 287 رنز بنائے، شکیب الحسن کے 97 رنز پر آئوٹ ہونے کے بعد ناصر حسین نے پیشقدمی جاری رکھی اور 94 رنز اسکور کیے، مگر اس سے قبل کہ پہلی ٹیسٹ سنچری کا خواب پورا ہوتا وہ ٹینو بیسٹ کی گیند پر رخصت ہوگئے۔

اس سے قبل پہلے ٹیسٹ میں بھی وہ صرف 4 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہیں کرپائے تھے، بیسٹ نے دوسری باری میں 6 وکٹیں لیں، ڈھاکا میں کھیلے جانے والے پہلے مقابلے میں بھی انھوں نے اہم کردار ادا کیا تھا، یہ ان کی کیریئر بیسٹ پرفارمنس ہے، ٹینو نے بنگلہ دیش کی آخری 4 میں سے تین وکٹیں لیں۔ ہفتے کی شام کو اختتامی لمحات میں شکیب الحسن کے خودکش شاٹ کے بعد ویسٹ انڈیز کو اتوار کو میزبان سائیڈ کی اننگز لپیٹنے میں صرف 14 اوورز کی ضرورت پڑی۔ڈبل سنچری میکر مارلون سموئلز کو میچ جبکہ شیونرائن چندرپال کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں