فوک گلوکارعالم لوہار کی 37 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

چمٹے کو بطور میوزک انسٹرومنٹ استعمال کر کے دنیا کو نئے ساز سے متعارف کرایا

چمٹے کو بطور میوزک انسٹرومنٹ استعمال کر کے دنیا کو نئے ساز سے متعارف کرایا۔ فوٹو: فائل

RAWALPINDI/ISLAMABAD:
معروف فوک گلوکار عالم لوہار کی 37 ویں برسی آج منائی جارہی ہے، اس موقع پر ان کی روح کے ایصال ثواب کے لیے اہلخانہ اور پرستار قرآن خوانی اور دعائے مغفرت کا انعقاد کرائیں گے۔

مرحوم کا تعلق صوبہ پنجاب کے شہر گجرات کے قریب واقع گاؤں ''آج گوچ'' سے تھا۔ عالم لوہار کا''چمٹا'' بھی ان کی ایک الگ پہچان بنا۔ چمٹا اور عالم لوہار کے ساتھ کی کہانی کافی لمبی ہے اس لیے مختصر یہ ہے کہ وہ گانے کے دوران لے کو برقرار رکھنے کے لیے چمٹا استعمال کرتے تھے۔ ان کی مقبولیت جس وقت برطانیہ کی ملکہ الزبتھ تک پہنچی تو انھوں نے اپنی 25 ویں سا لگرہ کے موقع پر عالم لوہار کو خاص طور پر اپنے محل میں سننے کے لیے بلوایا۔


اس موقع پرعالم لوہار نے ''ملکہ تیری سلورجوبلی گھر گھر مناندے نیں'' سنایا۔ جس پر ملکہ برطانیہ نے ان کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ اس کے علاوہ بھارت میں پنڈت جواہر لال نہرو نے انہیں خاص طور پر پرفارمنس کے لیے مدعو کیا اور ان کی پرفارمنس سے لطف اندوز ہوئے۔ پاکستان کے سابق صدر جنرل ایوب خان بھی عالم لوہار کے پرستاروں میں شامل تھے۔ انھوں نے عالم لوہار کو''شیر پنجاب'' کا خطاب بھی دیا۔

حکومت پاکستان نے ان کی فنی خدمات پر پرائیڈ آف پرفارمنس بھی دیا لیکن یہ اعزاز ان کی وفات کے بعد دیا گیا کیونکہ عالم لوہار 3 جولائی 1979ء کو 51 برس کی عمر میں شام کی بھٹیاں کے قریب کار حادثہ میں جاں بحق ہوگئے تھے۔
Load Next Story