متحدہ مجلس عمل میں شامل نہیں ہونگےجماعت اسلامی انتخابات میں قوم کو سرپرائز دیگی منور حسن

چہرے بدل بدل کر اقتدار میں آنے والوں نے عوام کو دہشت گردی، بھتا خوری اوربدامنی کے سوا کچھ نہیں دیا،اجتماع سے خطاب


Staff Reporter November 27, 2012
ووٹر لسٹوں کو درست نہیں کیا گیا تو آئندہ عام انتخابات بے معنی ہوںگے،ملک کی موجودہ صورتحال کے ذمے دارہم خود ہیں فوٹو: فائل

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منورحسن نے کہا ہے کہ چہرے بدل بدل کر اقتدار میں آنے والوں نے عوام کو دہشت گردی، بھتا خوری اوربدامنی کے سوا کچھ نہیں دیا، ملک کے حالات مخلص اوردیانتدار افراد ہی بدل سکتے ہیں۔

جماعت اسلامی ہی ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے،جماعت اسلامی انتخابات میں قوم کو سرپرائز دے گی، اتحاد کیلیے تمام آپشنز کھلے ہیں، فیصلہ انتخابات کے اعلان کے بعد کیا جائے گا،حالات کی تبدیلی کیلیے ناگزیر ہے کہ عوام ووٹ دینے کے رویے کو تبدیل کریں۔دہشت گردوں اور بھتا خوروں کو ووٹ دینے کے نتیجے میں دہشت گردی اور بھتے کی پرچیاں ہی ملیں گی ۔ جماعت اسلامی اچھے ہوم ورک کے ساتھ آئندہ انتخابات میں اترے گی،کارکنان رابطہ عوام مہم کوتیز کریں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ادارہ نورحق میں ہرسطح کے ناظمین انتخاب کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجتماع سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی اورسیکریٹری نسیم صدیقی نے خطاب کیا، سیدمنورحسن نے کہا کہ حکمرانوں کی موجودہ پالیسیوں کی وجہ سے پورا ملک افراتفری اور بے یقینی کا شکار ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ لے کر اپنے ہی ملک کی سلامتی اور خود مختاری کو دائو پرلگا دیا گیا ہے، منورحسن نے کہاکہ جب تک عوام ووٹ دینے کے رویے اورکلچر کو تبدیل نہیں کریں گے نہ ہی ملک کے حالات اور نہ ہی شہر کے حالات تبدیل ہوں گے، حالات کی تبدیلی کیلیے ناگزیر ہے کہ عوام دیانتدار لوگوں کو ووٹ دیں، انھوں نے کہاکہ کراچی میں جس بڑے پیمانے پر ووٹرلسٹوں میں بے قاعدگیاں کی گئی ہیں اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ انتخابات میں ابھی سے دھاندلی کا بندوبست کرلیاگیا ہے، یہ پری پول ریگنگ ہے، جماعت اسلامی سمیت تمام مذہبی اور سیاسی جماعتیں اس بے قاعدگی کی نشاندہی کررہی ہیں مگر الیکشن کمیشن کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے، اگر انتخابات سے قبل ووٹر لسٹوں کو درست نہیں کیا گیا تو آئندہ ہونے والے انتخابات بے معنی ہوکر رہ جائیں گے۔

منورحسن نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ہم نے جماعت کے بغیر ایم ایم اے بحال کرلی ہے اور اگر جماعت اسلامی نے شامل ہونا ہے تو وہ درخواست دے تو ہم غور فرمائیں گے لیکن جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ مولانافضل الرحمن کو غور فرمانے کی زحمت نہیں دے گی، علاوہ ازیں جامعہ بنوریہ سائٹ کے دورے کے موقع پرمنورحسن نے کہاہے کہ پاکستان کی موجودہ صورتحال کے ذمے دارامریکاسے زیادہ ہم خود ہیں، امریکا ، بھارت اور اسرائیل کے ایجٹ دہشت گردی میں ملوث ہیں جس کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیںلیکن حکمرانوںمیںجرات نہیںکہ اس کیخلاف آوازاٹھاسکیں، مفتی نعیم نے امیرجماعت کوحکومت کی جانب سے اہل مدارس کے ساتھ روارکھے جانے والے نارواسلوک، دھمکی آمیز رویے ، غیرملکی طلبہ پربلاجوازپابندیوں،مدراس ومساجدکے لیے بجلی وگیس نرخوں میں اضافے سے متعلق آگاہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں