سعودی عرب میں مدینہ منورہ اور قطیف میں خودکش حملے 4 سیکیورٹی اہلکار شہید

حملہ آور نےمسجد نبوی میں داخل ہونےکی کوشش کی تو سیکیورٹی اہلکاروں کےروکنے پراس نے خودکو دھما کے سے اڑا لیا، عرب میڈیا

خودکش حملہ مسجد کے قریب کیا گیا جس میں حملہ آور نے خود کو مسجد کے دروازے پر دھماکے سے اڑایا،غیرملکی خبررساں ایجنسی، فوٹو؛ ٹوئٹر

KARACHI:
سعودی عرب کے شہر قطیف میں مسجد کے قریب خودکش حملہ ہوا جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جب کہ مدینہ منورہ میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔



غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی شہر قطیف میں خودکش حملہ ہوا جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم حملے کے بعد ریسکیوٹیموں نے علاقے میں پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔



سعودی عرب میں نمائندہ ایکسپریس نیوز کے مطابق دھماکا نماز مغرب کے وقت ہوا جب خودکش حملہ آور نے مسجد کے دروازے پر آکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دھماکے کے وقت علاقے میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ نمائندہ کے مطابق دھماکے کی آواز ایک سے 2 کلو میٹر تک سنی گئی جب کہ دھماکے کے بعد علاقے کو مکمل طو پر سیل کردیا گیا اور سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔

[fb-post-embed url=" https://www.facebook.com/expressnewspk/posts/10154256534990528"]



العربیہ نیوز چینل کے مطابق مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے قریب کارپارکنگ ایریا میں قائم چیک پوسٹ پر حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، خودکش حملہ آور مسجد نبوی میں داخل ہونے کی کوشش کررہا تھا کہ اس دوران سیکیورٹی چیک پوسٹ پر تعینات اہلکاروں نے اسے روکنے کی کوشش کی تو حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے۔




العربیہ کے مطابق دھماکے کا ہدف مسجد نبوی کی کارپارکنگ کا ایریا تھا اور دھماکا افطار کے وقت ہوا جب سیکیورٹی اہلکار افطار کرنے میں مصروف تھے۔ دھماکے کے بعد مدینہ منورہ میں سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی اور سیکیورٹی فورسز نے مسجد نبوی کے ارد گرد رکاوٹیں لگا کر ناکہ بندی کردی ہے جب کہ مسجد کے قریب اسنیپ چیکنگ بھی شروع کردی گئی ہے۔



ادھر پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہےکہ سعودی عرب میں دھماکوں کے نتیجے میں کسی پاکستانی کے جاں بحق یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی تاہم اس حوالے سے پاکستانی سفارتخانوں سے رابطے میں ہیں۔ سعودی عرب میں پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں تمام پاکستانی خیریت سے ہیں جب کہ دھماکوں سے متعلق مزید معلومات اکٹھا کررہے ہیں۔ عرب لیگ نے بھی سعودی عرب میں ہونے والے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، عالمی سطح پر دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔



اس سے قبل صبح کے اوقات میں جدہ میں امریکی قونصل خانے کے قریب دھماکا ہوا جس میں کار سوار حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ سعودی ورزارت داخلہ کے مطابق سیکیورٹی حکام نے پارکنگ ایریا میں مشکوک حرکات پر ایک کار کی تلاشی لینا چاہی تو اس میں سوار خودکش بمبار نے دھماکا خیز مواد کو تباہ کردیا جس کے نتیجے میں حملہ آور موقع پر ہلاک اور 2 سیکیورٹی گارڈز بھی زخمی ہوگئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : سعودی عرب میں امریکی قونصل خانے کے باہر خود کش دھماکا

Load Next Story