سفید اُجلی کٹ پہنتے ہی عامر میں بجلیاں دوڑنے لگیں

عامرنےانگلینڈ میں اپنے پہلےفرسٹ کلاس میچ میں سمرسٹ کے ٹاپ آرڈرکا صفایاکردیا،3 وکٹیں لے کرحریف کو128پرٹھکانے لگایا


Sports Desk/AFP July 05, 2016
عامرنےانگلینڈ میں اپنے پہلےفرسٹ کلاس میچ میں سمرسٹ کے ٹاپ آرڈرکا صفایاکردیا،3 وکٹیں لے کرحریف کو128پرٹھکانے لگایا فوٹو : اے ایف پی

سفید اجلی کٹ پہنتے ہی عامر میں بجلیاں دوڑنے لگیں،فکسنگ میں سزا بھگتنے کے بعد انگلینڈ میں اپنے پہلے فرسٹ کلاس میچ میں سمرسٹ کے ٹاپ آرڈر کا صفایا کردیا، پیسر نے تین وکٹیں لے کر میزبان سائیڈ کو 128 رنز پر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے میں اہم کردار ادا کیا، سہیل خان نے بھی 3پلیئرز کو آئوٹ کیا۔ جواب میں پاکستان نے دوسری اننگز میں 140 پر4 وکٹیں گنوادیں،371 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی۔

اظہر علی 50 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں، حفیظ اور مصباح دوسری اننگز میں بھی ناکام رہے۔ قبل ازیں پاکستان نے پہلی باری 359 رنز 8 وکٹ پر ڈیکلیئرڈ کی، یونس خان نے 104 رنز بنائے۔تفصیلات کے مطابق انگلش کائونٹی سمرسٹ پاکستان سے سہ روزہ میچ کے دوسرے روز پہلی اننگز میں 128 رنز پرڈھیرہوگئی، نئی گیند کے ساتھ عامر انتہائی تجربہ کار بیٹسمین ٹریسکوتھک پر حملہ آور ہوئے جنھوں نے پہلی گیند کو بلاک کیا اور پھر کور پوائنٹ اور تھرڈ مین کی جانب 2 چوکے رسید کیے، عامر اس سے دبائو میں نہیں آئے اور اپنی 14 ویں گیند پر پہلی وکٹ حاصل کرلی، لیفٹ ہینڈر ٹریسکوتھک شاندار آئوٹ سوئنگر کے سامنے تاخیر سے بیٹ لائے جس پر گیند اس کا کنارہ چھوتی ہوئی پیچھے کی جانب گئی ۔


جہاں سرفراز احمد نے انتہائی عمدگی سے ڈائیو لگا کر کیچ گلوز میں محفوظ کیا، اوپنر نے 8 رنز بنائے۔ اپنے اگلے اوور میں عامر نے فرسٹ کلاس ڈیبیو کرنے والے ایڈم ہوز (10)کو فل لینتھ ان سوئنگر پر بولڈ کردیا، اس طرح انھوں نے 11 بالز کے دوران صرف 6 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں۔ لنچ کے 8 منٹ بعد عامر نے پیٹر ٹریگو کو بھی ایک اور ان سوئنگر پراس انداز میں بولڈ کیا کہ درمیانی اسٹمپ جڑ سے ہی اکھڑگئی، انھوں نے23 رنز بنائے۔ اس طرح عامر نے 11 اوورز میں 36 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں، فاسٹ بولر سہیل نے صرف 26 رنز دیکر تین اور راحت نے 38 رنز کے عوض 2 پلیئرز کو آئوٹ کیا، یاسر شاہ نے آخر میں دو وکٹیں اپنے نام کیں، اس دوران صرف جیمز ہلڈریتھ ہی کچھ مزاحمت کرتے ہوئے ناٹ آئوٹ 47 رنز بنا پائے، البتہ اس کیلیے انھیں مصباح الحق کا شکریہ ادا کرنا چاہیے جنھوں نے سلپ میں 13 رنز پر کیچ ڈراپ کیا، مایوس بولر راحت تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سمرسٹ کی اننگز میں ایک بھی نوبال نہیں ہوئی۔ جواب میں دوسری اننگزکے آغاز پر بھی پاکستان کو پہلا صدمہ حفیظ کی جدائی کی صورت میں برداشت کرنا پڑا، 10 رنز پر وہ جوش ڈیوے کی گیند پر وکٹ کیپر بیرو کا کیچ بن گئے، شان مسعود اس مرتبہ صرف 29 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، گروئینویلڈ کی گیند پر لیچ نے کیچ تھاما، مصباح نے احتیاط سے کھیلنے کی کوشش کی مگر 19 رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے، لیچ کی گیند پر ٹریسکوتھک نے ان کا کیچ تھاما، وہ پہلی باری میں صفر پر آئوٹ ہوئے تھے۔

اس بار سرفراز احمد کو کھاتہ کھولنے کا موقع نہیں مل سکا، انھیں لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا۔ جب دوسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان نے 4 وکٹ پر 140 رنز بناکر 371 کی مجموعی برتری حاصل کرلی تھی۔ اظہر علی 50 اور اسد شفیق 26 رنز پر کھیل رہے تھے۔ قبل ازیں گرین کیپس نے دوسرے دن کھیل کا آغاز324 رنز 5 وکٹ سے کیا، تب یونس خان 99 رنز پر تھے، 38 سالہ سپر اسٹار بیٹسمین نے اپنی 53 ویں فرسٹ کلاس سنچری173 بالز پر 14 چوکوںکی مدد سے مکمل کی، 104 کے انفرادی اسکور پر وہ اسکاٹش سیمر جوش ڈیوے کی گیند پر سلپ میں ٹم رائوز کا کیچ بن گئے، عامر نے بطور بیٹسمین جس پہلی ڈلیوری کا سامنا کیا وہ جوش ڈیوے کی نوبال تھی جبکہ دوسری آفیشل گیند پر وہ بغیر کھاتہ کھولے کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے، سہیل خان کے 5 رنز پر وان میکرین کا شکار بنتے ہی پاکستان نے 359 رنز 8 وکٹ پر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں