پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارش نے عید الفطر کی خوشیاں دوبالا کردیں

اگلے 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں شدید مون سون ہوائیں داخل ہوں گی، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک July 06, 2016
پیر سے ہفتے کے دوران ملک کے بالائی علاقوں اور میدانی پنجاب میں مزید بارشیں ہوں گی، محکمہ موسمیات فوٹو: فائل

پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش نے عید الفطر کے موقع پر عوام کی خوشیوں کو دوبالا کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز شدید گرمی اور حبس کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، اسلام آباد ، راولپنڈی اور مانسہرہ میں ہونے والی بارش نے جہاں موسم کو خوشگوار بنادیا ہے وہیں کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں شدید مون سون ہوائیں داخل ہوں گی۔ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بھی ہفتہ کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو گا۔ اس کے باعث ہفتہ سے پیر کے دوران اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں اکثر مقامات پر جبکہ وسطی اور جنوبی پنجاب میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن، قبائلی علاقاجات میں کُرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، شمالی و جنوبی ایجنسیاں اور آزاد کشمیر کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں بارش اور کہیں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نےخدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہفتہ سے پیرکے دوران موسلادھار بارش کے سبب پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جب کہ مون سون کی بارش اورگلیشیر پگھلنے کے باعث چترال، گلگت، غذر اور شغر کے ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خطرہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں