امید کرتے ہیں افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی سربراہ پاک فوج
ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل نے عید الفطر کا دن شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں حصہ لینے والے فوجی جوانوں کے ساتھ گزارا، انہوں نے پاک فوج کے جوانوں اور افسران کے ہمراہ نماز عید ادا کی اور شوال اور دتہ خیل میں فوجی جوانوں سے ملاقاتیں کیں۔
جنرل راحیل شریف نے اگلے محاذوں پر لڑنے والے جوانوں کے حوصلے اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم اور بہادر فوج نے دہشت گردی سے چھٹکارا پانے کے لئے بہت بڑی قیمت چکائی ہے، جنہیں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا، فاٹا سے دہشت گردوں کا خاتمہ کردیا ہے اب ملک بھر میں بھی ان کا پیچھا کریں گے۔
سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر امن اور استحکام اولین ترجیح ہے، دیرپا امن کے لیے بارڈر مینجمنٹ اور افغان مہاجرین کی باعزت واپسی نہایت اہم ہے، ہم افغانستان میں امن کے لیے مذاکراتی عمل کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں اور اپنی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے پاک فوج کے اعلی افسران، خفیہ اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ کسی کو افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال بھی نہیں کرنے دی جائے گی۔