وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے زیر صدارت امن امان سے متعلق اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹنڈوالہٰ یار میں بڑی تعداد میں غیرقانونی اسلحہ موجود ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ حکام نے بتایا کہ صوبے میں غیر لائسنس یافتہ اسلحہ کی بھرمار ہے جس کی بڑی وجہ ٹنڈوالہٰ یار میں بڑے پیمانے پر غیر لائسنس یافتہ اسلحہ کی موجودگی ہے۔ اسلحہ لائسنس کے اجرا سے متعلق بریفنگ میں کہا گیا کہ اب تک سندھ میں 4 لاکھ سے زائد لائسنس جاری کئے گئے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلحہ لائسنس کے حامل افراد کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کے لئے نادرا کا فارم بھریں گے جس کے لئے نادرا کو ساڑھے 7 کروڑ روپے جاری کردیئے گئے ہیں۔ فارم میں موجود کوائف کی متعلقہ ایس پی آفس سے تصدیق کرائی جائے گی۔
عدالتوں کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ 2008 سے لے کر اب تک مختلف عدالتوں میں 40 فیصد مقدمات کی سماعت ہوئی لیکن اب بھی 15 ہزار 798 مقدمات التوا کا شکار ہیں۔
اجلاس میں پولیس ورینجرز کے اعلیٰ افسران، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈووکیٹ جنرل اور پراسیکیوٹر جنرل سندھ بھی شریک تھے۔