یورو فٹبال کپ کا دوسرا سیمی فائنل فرانس نے جرمنی کو ہرا دیا

یورو فٹبال کپ 2016 کا فائنل اتوار کے روز پیرس میں فرانس اور پرتگال کے درمیان کھیلا جائے گا

فرانس کی طرف سے دونوں گول اس کے اسٹرائیکر گریزمین نے کیے۔ فوٹو: اے ایف پی

LONDON:
یورو فٹبال کپ 2016 کے دوسرے سیمی فائنل میں فرانس نے جرمنی کو ہرا دیا ہے.

فرانس کے شہر مارسے میں یورو فٹ بال کپ 2016 کے دوسرے سیمی فائنل میں میزبان فرانس اور جرمنی کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھا گیا۔ کھیل کے آغاز میں گیند زیادہ تر جرمن ٹیم کے قابو میں رہی اور فرانس دفاع پر مجبور دکھائی دے رہا تھا۔ لیکن میچ کا دوسرا ہاف فرانس کا ثابت ہوا اور فرانس کے کھلاڑی تابڑ توڑ حملے کرتے رہے۔ میچ کے 31 ویں منٹ میں جرمن اسٹرائیکرز نے ایک اور بھرپور حملہ کیا لیکن اسے گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے۔


پہلا گول میچ کے پہلے ہاف کے آخری لمحات میں اس وقت ہوا جب جرمنی کے ڈیفینڈر شوان اسٹائیگر کے ہاتھ پر فٹ بال لگا اور فرانس کو پنلٹی دے دی گئی جسے انٹوئنی گریزمین نے گول میں بدل دیا اور یوں پہلے ہاف کے اختتام پر فرانس کو ایک صفر سے برتری حاصل ہوگئی۔ گریزمین نے ہی فرانس کی جانب سے دوسرا اور آخری گول کھیل کے 72 ویں منٹ میں کیا۔ اس طرح فرانس نے جرمنی کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

یورو فٹبال کپ 2016 کا فائنل اتوار کے روز پیرس میں فرانس اور پرتگال کے درمیان کھیلا جائے گا۔

Load Next Story