دنیائے انسانیت کا روشن چراغ بجھ گیا عبدالستار ایدھی ہم میں نہ رہے

عبدالستار ایدھی کو ان کے زیب تن کیے ہوئے لباس میں سپرد خاک کیا گیا۔

عبدالستار ایدھی کو ان کے زیب تن کیے ہوئے لباس میں سپرد خاک کیا گیا۔ فوٹو؛ فائل

لاہور:
انسانی خدمت کی عظیم ہستی اور ممتاز سماجی رہنما عبدالستار ایدھی انتقال کرگئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق ممتاز سماجی رہنما عبدالستار ایدھی گزشتہ کئی روز سے سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ (ایس آئی یو ٹی) میں زیرعلاج تھے جہاں دوران علاج وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ عبدالستار ایدھی کے گردے ناکارہ ہوچکے تھے جنہیں ڈائلسز کے دوران سانس کی تکلیف کے باعث وینٹی لیٹر پرمنتقل کیا گیا جہاں 6 گھنٹے کے بعد ان کا انتقال ہوگیا۔



اس خبر کو بھی پڑھیں: عبدالستار ایدھی، انسانی خدمت کی عظیم داستان

عبدالستارایدھی جاتے جاتے بھی انسانی خدمت کو نہ بھولے اور انہوں نے وصیت کی تھی کہ ان کی وفات کے بعد ان کی آنکھیں عطیہ کردی جائیں، ڈاکٹروں نے عبدالستارایدھی کی وصیت کے مطابق ان کی آنکھوں کا آپریشن مکمل کرنے کے بعد آنکھیں محفوظ کرلیں۔




اس خبر کو بھی پڑھیں: وزیراعظم کا عبدالستار ایدھی کے لیے نشان امتیاز کا اعلان

وزیراعظم نواز شریف نےعبدالستار ایدھی کے لیے نشان امتیاز کا اعلان کرتے ہوئے ایک روزہ سوگ اورانہیں سرکاری اعزازات کے ساتھ سپردخاک کرنے کا بھی اعلان کیا جب کہ سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان حکومت نے عبدالستار ایدھی کے انتقال پر3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ کراچی کی تاجر تنظیموں نے بھی آج یوم سوگ کا اعلان کیا ہے جس کے دوران تمام کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عبدالستار ایدھی کے انتقال سے پاکستان ایک عظیم انسان سے محروم ہوگیا، سربراہ پاک فوج

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے اپنے بیان میں عبدالستار ایدھی کے اہلخانہ سے اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی پاکستان کا حقیقی اثاثہ تھے، ہم انسانیت کی خدمت کرنے والی عظیم ہستی سے محروم ہوگئے، اللہ تعالی ایدھی صاحب کا سفر آخرت آسان کرے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ٹویٹر پرمسیحائے ملت عبدالستارایدھی کی رحلت پرممتاز شخصیات کا اظہارافسوس

واضح رہے کہ عبدالستار ایدھی کے گردے ناکارہ ہوچکے تھے اور زیادہ عمرہونے کی وجہ سے ان کے گردوں کی پیوند کاری بھی نہیں ہوسکتی تھی جس کی وجہ سے ہفتے میں 2 سے 3 مرتبہ ان کا ڈائلیسسز کیا جاتا تھا۔

Load Next Story