حصص مارکیٹ میں پھر نیا ریکارڈ انڈیکس پہلی بار 16364 پوائنٹس پر پہنچ گیا

سیمنٹ، فرٹیلائزر، آئل کمپنیز اور ٹیکسٹائل سیکٹرز میں سرمایہ کاری سے انڈیکس میں 94 پوائنٹس کا اضافہ


Business Reporter November 28, 2012
مارکیٹ سرمایہ ساڑھے 21 ارب روپے بلند، کاروباری حجم 22 فیصد زائد،31 کروڑ 78 لاکھ حصص کا لین دین، بہترکارپوریٹ نتائج کی توقعات تیزی کی وجہ قرار۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

فرٹیلائزر سمیت بعض دیگر شعبوں کے دسمبر میں بہترین مالیاتی نتائج کی توقعات اور غیرملکیوں سمیت دیگر سرمایہ کارگروپوں کی خریداری کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس16364 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔

تیزی کے سبب 50 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 21 ارب 51 کروڑ 3 لاکھ 83 ہزار 499 روپے کا اضافہ ہوا۔ ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا تھا کہ منگل کو بھی درمیانے درجے کے کم قیمت حصص میں خریداری دلچسپی نمایاں رہی جن میں سیمنٹ، فرٹیلائزر، آئل کمپنیز اور ٹیکسٹائل سیکٹر کے حصص شامل تھے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ انڈیکس اگرچہ تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا ہے لیکن اس تناسب سے کاروباری حجم میں اضافہ نہ ہوسکا، ٹریڈنگ کے دوران بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر58 لاکھ24 ہزار946 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا۔

لیکن اس انخلا کے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں کی جانب سے7 لاکھ 98 ہزار428 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے15 لاکھ 40 ہزار601 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے19 لاکھ 71 ہزار739 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے 15 لاکھ14 ہزار 177 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جس سے مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن رہا، نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 94.29 پوائنٹس کے اضافے سے16364.77 ہوگیا۔

جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 62.41 پوائنٹس کے اضافے سے13259.88 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 174.06 پوائنٹس کے اضافے سے 28408.58 ہوگیا، کاروباری حجم پیر کی نسبت22.14 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر31 کروڑ78 لاکھ27 ہزار 280 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار392 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں195 کے بھائو میں اضافہ، 179 کے داموں میں کمی اور18 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں یونی لیورفوڈز کے بھائو190 روپے بڑھ کر 4150 روپے اور باٹا پاکستان کے بھائو74.55 روپے بڑھ کر1565.55 روپے ہو گئے جبکہ لندے پاکستان کے بھائو3.38 روپے کم ہو کر 153.37 روپے اور نون پاکستان کے بھائو2.28 روپے کم ہوکر43.42 روپے ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں