ٹیکس چوروں کیخلاف کارروائی کیلیے سالانہ انفورسمنٹ پلان تیار

محکمہ انٹیلی جنس آئی آرمیں سیل قائم، نقصان‘ کم آمدن اورزیادہ اخراجات ظاہرکرنے والوں کے ریکارڈ کی چھان بین ہوگی


Irshad Ansari July 09, 2016
 شواہدکی بنیادپرکاروباری یونٹس پرچھاپے بھی مارے جائیں گے،انفورسمنٹ پلان آئندہ ہفتے ڈائریکٹرز انٹیلی جنس کانفرنس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا،ذرائع فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ماتحت ادارے ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ یونیو نے ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی کے لیے جامع سالانہ انفورسمنٹ پلان متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں ایف بی آر ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو نے جامع سالانہ انفورسمنٹ پلان تیار کرلیا ہے جس کی باضابطہ طورپرمنظوری عید کی تعطیلات کے بعد ہونے والی ڈائریکٹرز کانفرنس میں دیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹرز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کانفرنس آئندہ ہفتے اسلام آباد میں متوقع ہے جس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو خواجہ تنویر احمدکریں گے جس میں سالانہ انفورسمنٹ پلان پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس انفورسمنٹ پلان کے تحت ملک بھر میں ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی کے لیے حکمت عملی بھی مرتب کی گئی ہے جس کے تحت ملک کے مختلف علاقوں میں ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کے خصوصی سیل قائم کیے جائیں گے، اس انفورسمنٹ پلان کے تحت ایسے شعبوں کے ٹیکس دہندگان کی مانیٹرنگ سخت کی جائے گی جن شعبوں میں گزشتہ چند سال کے دوران گروتھ بہت زیادہ ہوئی ہے مگر ان شعبوں کے ٹیکس دہندگان کی جانب سے ٹیکسوں میں حصہ بہت کم ہے۔

اس کے علاوہ ایسے کاروباری یونٹس اور ٹیکس دہندگان کے ریکارڈ کی چھان بین کی جائے گی جو گزشتہ کچھ عرصے سے اپنے کاروبار کو نقصان میں ظاہر کررہے ہیں یا جواپنی آمدنی بہت کم اور اخراجات بہت زیادہ ظاہر کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق انفورسمنٹ پلان کے تحت ٹیکس چوری میں ملوث کاروباری یونٹس کے مرکزی دفاتر پر چھاپے مارے جائیں گے مگر اس سے قبل ان یونٹس کے بارے میں ٹھوس شواہد حاصل کیے جائیں گے اور ان شواہد کی بنیاد پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں