مزاحمت پر قتل ہونیوالے نوجوان کے لواحقین کااحتجاج

ایس ایچ او بن قاسم اسلم جویا نے بتایا کہ منصور کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔


Staff Reporter November 28, 2012
ایس پی ملیر ٹاؤن سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران نے مقتول منصور کے ورثا کو ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی جس پر احتجاج کرنے والے مظاہرین منتشر ہو گئے. فوٹو: فائل

اسٹیل ٹاؤن میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے نوجوان کے لواحقین نے واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے نیشنل ہائی وے پر لاش کے ہمراہ احتجاج کیا جس کے باعث اندرون ملک آنے جانے والی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔

قتل کا مقدمہ بن قاسم تھانے میں نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کر لیا گیا،تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن گلشن حدید فیز II میں پیر کو نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے22 سالہ منصور احمد سومرو کے ورثا اور علاقہ مکینوں نے واردات میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کے لیے نیشنل ہائی وے پر لاش کے ہمراہ دھرنا دیا ، مظاہرین نے پتھراؤ کرکے ٹریفک معطل کر دیا، احتجاج کی اطلاع ملنے پر ایس پی ملیر ٹاؤن سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئی اور مقتول منصور کے ورثا کو ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی جس پر احتجاج کرنے والے مظاہرین منتشر ہو گئے ، ایس ایچ او بن قاسم اسلم جویا نے بتایا کہ منصور کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔

منصور ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ہلاک ہوا ہے، واضح رہے گلشن حدید فیز ٹو میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے منصور احمد ہلاک ہوگیا تھا، منصور اپنے دوست عبدالصمد کے ہمراہ ایک گراؤنڈ سے گزر رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ڈاکو ان سے لوٹ مار کر کے چلے گئے اور جب وہ گراؤنڈ کے باہر پہنچے تو وہی ملزمان دیگر افراد کو بھی لوٹ رہے تھے کہ منصور نے انھیں برا بھلا کہا جس پر ملزمان نے اسے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں