آفریدی کو میڈیا کے سامنے لب کشائی سے روک دیا گیا

آل رائونڈر نے پریکٹس شروع کر دی، صحافیوں نے بات کرنا چاہی تو پی سی بی آڑے آ گیا۔


Sports Desk/Sports Reporter November 28, 2012
آل رائونڈر نے پریکٹس شروع کر دی، صحافیوں نے بات کرنا چاہی تو پی سی بی آڑے آ گیا۔ فوٹو : فائل

PESHAWAR: آل رائونڈر شاہد آفریدی کو ایک بار پھر پی سی بی نے میڈیا کے سامنے لب کشائی سے روک دیا۔

وہ قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کراچی ڈولفنز کی قیادت کریں گے،گذشتہ روز انھوں نے ساتھی پلیئرز حسن رضا، سہیل خان، تابش خان اور رمیز راجہ جونیئر کے ہمراہ نیٹ پریکٹس بھی کی، آفریدی جب کراچی کے کسٹمز اسپورٹس کمپلیکس پہنچے تو میڈیا ان کا منتظر تھا، سابق قومی قائد نے اس موقع پر کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی رو سے کرکٹ بورڈ کی اجازت کا پابند ہوں، اگر وہ کہہ دے تو بات کرنے میں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

جب صحافیوں نے پی سی بی کے جی ایم میڈیا ندیم سرور سے رابطہ کیا تو انھوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کو میڈیا کے روبرو کسی بھی قسم کا بیان دینے کی ممانعت ہے، اس کے بعدآل رائونڈر نے اپنے لب سی لیے اور کسی بھی معاملے پر اظہار خیال کرنے سے معذرت کر لی۔واضح رہے کہ یہ دوسرا موقع ہے جب بورڈ نے آفریدی کو میڈیا کے ساتھ گفتگو کرنے سے روکا، قبل ازیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد وطن واپسی پر انھوں نے بات چیت کے لیے صحافیوں کو اپنی رہائش گاہ پر مدعو کیا مگر عین وقت پر انھیں اس اقدام سے باز رہنے کی ہدایت دے دی گئی تھی۔

دریں اثنا ندیم سرور نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کا کوئی بھی آفیشل یاکنٹریکٹ یافتہ پلیئرز بغیر اجازت میڈیا کے ساتھ بات چیت نہیں کر سکتے، شاہدآفریدی پر بھی اسی قانون کا اطلاق ہوتا ہے، یہ تاثر درست نہیں کہ انھیں خاص طور پر روکا گیا۔ یاد رہے سری لنکا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بدترین ناکامی کا شکار ہونے والے آفریدی ان دنوں بحالی فارم کے لیے کوشاں ہیں، ڈومیسٹک ایونٹ میں عمدہ کارکردگی ان کے لیے خاصی اہمیت کی حامل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں