فٹ رہنے کیلئے ورزش کرتی ہوں کرداروں کے انتخاب میں مشکل نہیں امریتا راؤ

2013 کے دوران مداحوں کے درمیان رہوں گی ،عمدہ پرفارمنس سے فلمی کردار کو یادگار بنانے کی کوشش کروں گی

پرفارمنس سے فلمی کردار کو یادگار بنانے کی کوشش کروں گی، امریتا راؤ۔ ۔فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکارہ امریتا رائو نے کہا ہے کہ نئی فلموں میںکام کررہی ہوں اور دو نئی فلمیں آیندہ برس ریلیز کی جائیں گی ۔

امریتا راؤ کا کہنا ہے کہ میرے لیے 2013ء کا آغاز ہی بہت اچھا ہورہا ہے ۔نئی فلمیں مکمل ہوکر سینما گھروں کی زینت بننے جارہی ہیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ اپنے کام پر بھرپور توجہ دیتی ہوں اور جسم کو ٹھیک رکھنے کے لیے ورزش بھی کرتی ہوں ۔خود کو فٹ رکھتی ہوں ،اب نئے کرداروں کے انتخا ب کے حوالے سے بھی کوئی مشکل نہیں رہتی ۔ 31سالہ بالی وڈ اداکارہ نے کہاکہ میں نئی فلموں کے ساتھ نئے سال کے دوران اپنے مداحوں کے درمیان رہوں گی ۔

اس کے بعد بھی کام کرتی رہوں گی ۔اپنی عمدہ پرفارمنس سے فلمی کردار کو یادگار بنانے کی کوشش کروں گی ۔مداحوں کی جانب سے حوصلہ افزائی ہوئی ہے جس پر ان کی ممنون ہوں ۔اپنے پرستاروں کو مایوس نہیں کروں گی ۔امریتا نے کہا کہ نئے سال کے دوران ریلیز ہونے والی فلموں ''جولی ایل ایل بی ''اور فلم ''سنگھ صاب دی گریٹ ''میں اہم کردار نبھارہی ہوں ۔بالی وڈ اداکارہ کا کہنا ہے کہ فلم ''لو یو ''بھی نئے سال میں آئے گی ۔انھوں نے بتایا کہ فلم ''جولی ایل ایل بی '' مارچ 2013ء کو سینماگھروں کی زینت بنائی جائے گی ۔جب کہ فلم ''سنگھ صاب دی گریٹ '' اگست 2013ء میں ریلیز کی جائے گی ۔


انھوں نے کہا کہ 2013ء میں میری اہم فلمیں آرہی ہیں ان میں میرا کردار روٹین سے ہٹ کر ہوگا ۔ انھوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ کسی فنکار کے لیے وہ بڑا کٹھن وقت ہوتا ہے جب اسے کسی فلم کی ڈیمانڈ پر وزن بڑھانے یاکم کرنے کے لیے کہا جاتا ہے ۔اس دوران جو خوراک ہم روٹین میں لے رہے ہوتے ہیں انھیں تبدیل کرنا پڑتا ہے اور ورزش بھی کرنا ہوتی ہے ۔انھوں نے کہا کہ شاہد کپور اور سہیل بھی سبزی خور ہیں ۔واضح رہے کہ 17جون 1981ء کو ممبئی میں پیدا ہونے والی امریتا رائو نے ماڈلنگ سے کیرئیر کا آغاز کیا ۔ 2002ء میں اداکارہ کی پہلی فلم''اب کے برس''ریلیز ہوئی۔

پھر فلم ''بھگت سنگھ '' میں کردار نبھایا مگر ان کی 2003ء میں آنے والی فلم''عشق وشق''نے دھوم مچادی،اس فلم میں ان کی بہترین اداکاری کو پسند کیا گیا ،لوگوں نے اس پر بہت اچھا رسانس دیا اس کے ساتھ ہی اداکارہ اس فلم کے لیے بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کی گئیں ۔اسی سال ان کی فلم ''مستی ''بھی ریلیز ہوئی ۔2004ء میں فلم ''میں ہوں ناں''میں پرفارم کیا ۔اسی برس فلم ''دیوار''میں بھی اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کا اظہار کرکے شائقین کے دل جیتے ۔امریتا رائو نے 2005ء میں فلم ''واہ لائف ہوتو ایسی ''میں جلوے دکھائے ۔2006ء میں فلم ''پیار مہان''اور'' ویواہ ''میں روٹین سے ہٹ کر کردار نبھایا۔

2007 ء میں فلم ''ہے بے بی ''میں آئٹم سانگ کیا پھر فلم ''مائی نیم از انتھونی ''میں ریا کا کردار نبھایا ۔اسی سال ایک تلگوفلم بھی کی ۔2008ء میں فلم ''شریا''اور فلم ''ویلکم ٹو سجن پور '' میں پرفارم کیا ،ان میں فلم ''ویلکم ٹو سجن پور ''میں عمدہ پرفارمنس پر اداکارہ کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اسی سال فلم'' وکڑی ''میں بھی کام کیا ۔جب کہ فلم ''لائف پارٹنر'' میں مختصر کردار نبھایا ۔2009ء میں فلم ''شارٹ کٹ'' ''دی گن از آن''میں اداکاری کی ۔ 2010ء میں فلم ''جانے کہاں سے آئے ہیں'' میں بھی مہمان اداکارہ کے طور پر اداکاری کے جوہر دکھائے۔

اس کے بعد 2011ء میں جو فلم ریلیز نہ ہوسکی اسے بھی اب 2013ء میں ریلیز کرنے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ اداکارہ امریتا رائو اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے بل بوتے پر اپنی الگ شناخت بنانے میں کامیاب رہیں گی ۔امریتا کا کہنا ہے کہ انھوں نے ممبئی کے اسکول اور کالج سے ابتدائی تعلیم حاصل کرکے سائیکالوجی میں گریجوایشن کی ہے۔
Load Next Story