کولمبو ٹیسٹ سماراویرا کیوی اٹیک کے سامنے ڈھال بن گئے

انگلی زخمی ہونے کے باوجود ناقابل شکست 76 کی اننگز، سری لنکاکے6 وکٹ پر 225 رنز۔

کولمبو ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن ڈائیو لگا کر سری لنکن بیٹسمین پرسنا جے وردنے کا کیچ تھام رہے ہیں، فالو آن سے بچنے کے بعد میزبان ٹیم میچ میں پوزیشن بہتر بنانے کیلیے کوشاں ہے، اُسے اب بھی 187 رنز کے خسارے کا سامنا اور 4 وکٹیں باقی ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

سری لنکن بیٹسمین تھلان سماراویرا کیوی اٹیک کے سامنے ڈھال بن گئے، انگلی زخمی ہونے کے باوجود انھوں نے ٹیم کے لیے ریسکیو مشن جاری رکھا۔

دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکا نے 6 وکٹ پر 225 رنز بنالیے، تھلان سمارا ویرا 76 اور سورج رندھیو 34 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں، دونوں کے درمیان 97 رنز کی شراکت سے میزبان سائیڈ فالو آن کی خفت سے بچ گئی، خسارہ پورا کرنے کے لیے اب بھی 187 رنز مزید درکار ہیں، ٹم سائوتھی نے 4 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق کولمبو کے پی سارا اوول پر سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ کا تیسرے دن کا کھیل کم روشنی کی وجہ سے 25.4 اوورز قبل ہی ختم کردیا گیا۔


اس قدرے سست اور بے لطف دن میں تھلان سمارا ویرا نے مشکلات سے دوچار اپنی ٹیم کیلیے مرد بحران کا کردار ادا کیا۔ فیلڈنگ کے دوران ان کی انگلی زخمی ہوگئی تھی تاہم انھوں نے اپنی تکلیف کی بھی کوئی پروا نہیں کی۔ سری لنکا نے منگل کو کھیل کا آغاز 43 رنز 3 وکٹ سے کیا مگر صبح ایک بار پھر ٹم سائوتھی کی تباہ کاریوں کا سامنا کرنا پڑا۔

پیر کے روز سائوتھی نے ایک ہی اوور میں دو وکٹیں لیکر میزبان سائیڈ پر کاری ضرب لگائی تھی۔ میتھیوز اور پرانا ویتانا نے صرف 12 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد چوتھی وکٹ کی شراکت میں 90 رنز جوڑے، اس جوڑی کو توڑنے کا نیوزی لینڈ کو نادر موقع ملا مگر کیوی کپتان روس ٹیلر نے فرسٹ سلپ میں پرانا ویتانا کا کیچ ڈراپ کردیا، مایوس بولر ٹرینٹ بولٹ تھے، آخر کار اس جوڑی کا خاتمہ ٹم سائوتھی کے ہاتھوں ہوا جنھوں نے لگاتار دو اوورز میں دونوں کو ہی میدان سے رخصت کردیا، پرانا ویتانا 40 رنز بناکر وکٹوں کے عقب میں وان ویک کا کیچ بنے جبکہ انجیلو میتھیوز 47 رنز پر مارٹن گپٹل کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

پرسنا (12) کو جیتن پٹیل نے کین ولیمسن کی مدد سے قابو کیا، اسکے بعد باقی وقت میں کیوی بولرز کے ہاتھ مزید کوئی وکٹ نہیں آئی، سمارا ویرا 76 پر ناٹ آئوٹ جبکہ دوسرے اینڈ پر سورج رندھیو بھی 102 گیندوں پر 34 رنز کیساتھ ڈٹے ہوئے ہیں، دونوں کی عمدہ بیٹنگ سے کیویز کیلیے مشکلات پیداہوسکتی ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story