پریذیڈنٹ ٹرافی زیڈ ٹی بی ایل نے 643رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا

عمران نذیر185اورحارث سہیل 152رنز بنانے میں کامیاب،واپڈا نے پی آئی اے کی بساط94پر لپیٹی،ذوالفقار نے 5پلیئرز کو آئوٹ کیا


Sports Desk November 28, 2012
حبیب بینک کیخلاف عمر امین کی ڈبل سنچری سے تقویت پاتے ہوئے پورٹ قاسم نے 3 وکٹ پر 539 رنز بنالیے، نیشنل بینک 88 پر 4 پلیئرز سے محروم۔ فوٹو فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی میں یو بی ایل کیخلاف زیڈ ٹی بی ایل نے 643 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا، اس دوران ٹیم کے6 پلیئرز آئوٹ ہوئے، یہ سیزن کا بہترین مجموعہ ہے۔

عمران نذیر185 اور حارث سہیل 152رنز بنانے میں کامیاب رہے، حریف ٹیم نے147 پر 8وکٹیں کھو دیں، واپڈا نے پی آئی اے کی بساط94 رنز پر لپیٹ دی،ذوالفقار بابر نے 5 اور رانا نوید نے 3 وکٹیں لیں، واپڈا نے پانچ وکٹ پر 88 رنز بناکر مجموعی سبقت 234تک پہنچادی، کے آر ایل کیخلاف115رنز کے خسارے سے دوچار نیشنل بینک کی ٹیم 88 پر چار صف اول بیٹسمینوں سے محروم ہوگئی، حبیب بینک کیخلاف عمرامین کی ڈبل سنچری سے تقویت پاتے ہوئے پورٹ قاسم نے3 وکٹ پر539رنز جوڑ لیے، اوپنر236 پر ناٹ آئوٹ ہیں، سوئی ناردرن کے 310رنز کے جواب میں اسٹیٹ بینک نے 105رنز بنانے کیلیے 8 وکٹیں قربان کردیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق پریذیڈنٹ ٹرافی کے نویں اور اختتامی رائونڈ کے دوسرے دن مرغزار گرائونڈ پر زیڈ ٹی بی ایل کے خلاف جوابی اننگز میں یوبی ایل نے 147رنز بنانے کیلیے 8وکٹیں کھو دیں،عمران علی61 ، فہیم قریشی27 جبکہ عابد علی 24 رنز بناکر نمایاں رہے، محمد خلیل نے 35رنز دیکر3وکٹیں اپنے نام کیں، جنید نادر اور جنید ضیا نے 2،2 پلیئرز کو قابو کیا۔اس سے قبل زرعی ترقیاتی بینک نے پہلی اننگز 6وکٹ 643 رنز پر ڈیکلیئرڈ کرنے کا اعلان کیا، یہ موجودہ سیزن میں اب تک کا بہترین مجموعہ ہے، حارث سہیل نے152اور عمران نذیرنے 185کی اننگز کھیلیں،زوہیب خان نے 55رنز ناٹ آئوٹ بنائے، محمد ارشاد اور آصف جبار نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

آزاد کشمیر کے میرپور اسٹیڈیم پر دوسرے دن بولرز کا راج رہا، مجموعی طور پر 16وکٹیں گریں، پی آئی اے کی بساط 37.3 اوورز میں 94 رنز پر لپیٹ دی گئی، فیصل اقبال30 اور جانثارخان 19رنز بناکر نمایاں رہے، ذوالفقار بابرنے5وکٹیں لیں، رانا نوید الحسن نے 3 جبکہ جنید خان نے 2 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، واپڈا نے دوسری باری میں 88 پر5وکٹ گنوادیں،پہلی اننگز میں146رنز کی سبقت کی وجہ سے مجموعی برتری 234رنز ہوچکی ہے،شعیب مقصود 23اور محمد ایوب21رنز بناکر میدان بدر ہوئے، اس سے قبل واپڈا کی پہلی اننگز 65.5 اوورز میں 240 پر تمام ہوئی، حافظ سعدنسیم سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔

انھوں نے101رنز ناٹ آئوٹ اسکور کیے، انورعلی نے 5 وکٹیں لیں۔کے آر ایل کیخلاف راولپنڈی میں نیشنل بینک کو مشکلات کا سامنا ہے ،115رنز کے خسارے میں جانے کے بعدٹیم نے دوسری باری میں 4وکٹ پر 86رنز بنائے،سمیع اسلم 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،کامران اکمل 20 پر ناٹ آئوٹ ہیں، علی خان نے 24رنز دیکر3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، حریف کا حساب چکتا کرنے کیلیے ٹیم کو ابھی مزید 29رنز درکار ہیں، قبل ازیں میزبان کے آر ایل جوابی اننگز میں 239رنز بنانے میں کامیاب رہی، سعید انور جونیئر96رنز بناکر قیصر عباس کی بولنگ کی نذر ہوگئے، قیصر اور محمد عمران نے4،4وکٹیں حاصل کیں۔

ڈائمنڈ گرائونڈ، اسلام آباد پر حبیب بینک کیخلاف عمر امین کی ناقابل شکست ڈبل سنچری سے تقویت پاتے ہوئے پورٹ قاسم نے3 وکٹ پر539رنز بنالیے، اوپنر330 گیندوں پر اب تک236 رنز بناچکے ہیں، ان کی اننگز میں28 چوکے اور2 چھکے شامل ہیں، خالدلطیف76رنز کے ساتھ وکٹ پرموجود ہیں، عمرگل اور احسان عادل پر مشتمل بولنگ اٹیک اب تک کوئی تاثرنہیں چھوڑ سکا۔نیشنل گرائونڈ، اسلام آباد پرسوئی ناردرن کے310 رنزکے جواب میں اسٹیٹ بینک نے105رنز بنانے کیلیے8 وکٹیں قربان کردیں،کاشف صدیقی39 رنزکے ساتھ نمایاں رہے۔

بلاول بھٹی نے 26رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کوپویلین واپس پہنچایا،سمیع اللہ نیازی اور عمران خالد کے حصے میں 2،2 وکٹیں آئیں، حریف ٹیم نے اپنی نامکمل اننگز6 وکٹ 213 رنزسے شروع کی، اختتامی چار وکٹیں مجموعے میں97رنز کے اضافے سے گریں، محمد رضوان نے 136رنزاسکورکیے، رضوان حیدر اور محمد علی نے 4،4وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں