عامر اور یاسر باہر پاکستانی بولنگ اٹیک بے دانت کا شیر بن گیا

سہ روزہ میچ میں سسیکس کے اوپنرز نے خوب پٹائی کرتے ہوئے212کی شراکت بنا دی۔


Sports Desk July 10, 2016
سہ روزہ میچ میں سسیکس کے اوپنرز نے خوب پٹائی کرتے ہوئے212کی شراکت بنا دی۔ فوٹو: فائل

SUKKUR/ HYDERABAD: محمد عامر اور یاسر شاہ کے باہر ہوتے ہی پاکستانی بولنگ اٹیک بے دانت کا شیر بن گیا، سہ روزہ میچ میں سسیکس کے اوپنرز نے خوب پٹائی کرتے ہوئے 212 رنز کی شراکت بنا دی۔

ہیری فنچ نے 16چوکوں اور 3چھکوں سے مزین 103رنز کی اننگز کھیلی، لیوک ویلزنے93رنز بنائے، میزبان ٹیم نے5 وکٹ پر291رنز جوڑ کر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، وہاب ریاض اور عمران خان2،2 اور ذوالفقار بابر ایک شکار کرنے میں کامیاب رہے،پہلے وارم اپ میچ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سہیل خان 79رنز دے کر وکٹ کو ترستے رہے۔ دوسری اننگز میں بھی محمد حفیظ اننگز کو طول دینے میں ناکام رہے،تجربہ کار بیٹسمین 23رنز بناکر اس بار بھی جوفرا آرچر کا شکار بنے، دن کے اختتام تک گرین کیپس نے ایک وکٹ پر71رنز بنالیے تھے، شان مسعود38 اور اظہر علی9 پر ناقابل شکست ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دوسرے وارم اپ میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز جمعے کے اسکور5وکٹ 363رنز پر ڈیکلیئرڈ کرکے بولرز کو پریکٹس دینے کا فیصلہ کیا لیکن یہ تجربہ زیادہ خوشگوار نہ رہا،سسیکس کے اوپنرز لیوک ویلز اور ہیری فنچ نے طویل شراکت سے محمد عامر اور یاسر شاہ جیسے مہلک ہتھیاروں کی کمی کا شدت سے احساس دلایا، پہلے ہی اوور میں عمران خان کا 2 جبکہ سہیل خان کا ایک چوکے سے استقبال ہوا، وہاب ریاض بھی رنز کا تسلسل نہ توڑپائے، کپتان مصباح الحق کا ذوالفقار بابر کو آزمانے کا تجربہ بھی کامیاب نہ ہوا، دونوں بیٹسمین آسانی سے کھیلتے رہے اور 100کا سنگ میل 21اوورز میں ہی عبور کرلیا، پہلے لیوک ویلز اور بعد ازاں ہیری فنچ نے بھی ففٹی مکمل کرنے کے بعد بھی بولرز کی پٹائی جاری رکھی۔

صبر آزما انتظار کے بعد پاکستان کو پہلی کامیابی 46ویں اوور میں 212کے مجموعی اسکور پر نصیب ہوئی، وہاب نے لیوک ویلز کو وکٹوں کے عقب میں سرفراز احمد کا کیچ بنواتے ہوئے اننگز کا 93پر اختتام کیا،پیسر نے اپنے اگلے ہی اوور میں ہیری فنچ کو پویلین بھیجنے کیلیے محمد حفیظ کا سہارا لیا، اوپنر نے 16چوکوں اور 3چھکوں سے مزین 103رنز کی اننگز کھیلی، سینئر کی کامیابیوں کو دیکھتے ہی عمران خان بھی جوش میں آگئے، انھوں نے ایک ہی اوور میں2شکار کیے، پہلے میٹ میچن(13) ایک عمدہ ان سوئنگر پر ایل بی ڈبلیو ہوئے،پھر بین براؤن کھاتہ کھولے بغیر سرفراز احمد کا کیچ بن گئے، صرف 21 رنز کے سفر میں4وکٹیں گنوانے کے بعد سسیکس نے اپنا ٹوٹل 291تک پہنچایا تھا کہ کریگ کیچوپا( 19) ذوالفقار بابر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

5ویں وکٹ گرتے ہی میزبان ٹیم نے اننگز ڈیکلیئرڈ کرنے کا اعلان کردیا، فلپ سالٹ 37 پر ناقابل شکست رہے، عمران خان62اور وہاب ریاض60رنز دے کر 2،2شکار کرنے میں کامیاب ہوئے، پہلے وارم اپ میچ میں بہتر بولنگ کرنے والے سہیل خان کی فارم کہیں کھوگئی،انھوں نے 16اوورز میں 79رنز دیے اور وکٹ کو ترستے رہے، ذوالفقار بابر 66رنزکے بدلے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیج سکے، انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں پارٹ ٹائم اسپنر کے طور پر آزمائے جانے کیلیے زیر غور اظہر علی نے 5اوورز میں 14رنز دیے۔

بولرز کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ سسیکس نے 4.55کی اوسط سے رنز بنائے، مہمان ٹیم کی ایوریج فی اوور 3.66رہی تھی۔ جواب میں پاکستانی اوپنرز نے پہلی اننگز میں مشکلات کا شکارکرنے والے انڈر 19بولر جوفرا آرچر کا محتاط انداز میں سامنا کیا، 48کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ(23) نے کیریبیئن پیسر کی گیند پر ہی کریگ کیچوپا کو کیچ تھما دیا، دن کے اختتام تک گرین کیپس نے ایک وکٹ پر71رنز بنالیے تھے، شان مسعود38اور اظہر علی9 پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔