فارم میں واپسی پونٹنگ کوایک اور’’لائف لائن‘‘ مل گئی

سلیکشن کمیٹی اسٹار بیٹسمین کے ساتھ ہے، سب چاہتے ہیں جلد اسکور کرنے لگیں، کوچ

ویسٹ انڈیز سے جنوری میں شیڈول میچ کیلیے پرائم منسٹر الیون کا کپتان مقرر کردیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

سلیکٹرز نے سابق کپتان رکی پونٹنگ کو فارم میں بحالی کیلیے ایک اور ''لائف لائن'' دے دی، کوچ مکی آرتھر کے مطابق سلیکشن کمیٹی اسٹار بیٹسمین کے ساتھ ہے، ہم سب چاہتے ہیں کہ وہ جلد فارم میں واپس آجائیں۔


خود انھوں نے تسلیم کیا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرا میچ ان کیلیے ایک بہت بڑا ٹیسٹ ہے، وہ اس کیلیے سخت محنت کررہے ہیں، نہ صرف ڈریسنگ روم بلکہ نجی طور پر بھی ہم سب پونٹنگ کی دلجوئی کرتے رہتے ہیں، اگر انھوں نے رنز اسکور کرنا شروع کردیے تو ہم یقینی طور پر اگلے 6 ماہ کے پلان میں انھیں شامل رکھیں گے۔

یاد رہے کہ پونٹنگ نے ایڈیلیڈ میں ناکامی کے بعد تسلیم کیا تھا کہ اگر وہ فارم میں نہ آئے تو جولائی،اگست میں انگلینڈ میں ایشز سیریز کیلیے انھیں منتخب نہیں کیا جائے گا۔ دریں اثنا دبائو کے شکار رکی پونٹنگ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کیلیے پرائم منسٹر الیون کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، یہ مقابلہ جنوری میں ہوگا، پونٹنگ سے قبل ڈان بریڈ مین، اسٹیووا، مارک ٹیلر اور رچی بینیو کو یہ اعزاز حاصل ہوچکا ہے، یہ میچ آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پانچ ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی 20 کی سیریز سے قبل کھیلا جائے گا۔
Load Next Story