بٹگرام میں پولیس چیک پوسٹ پردہشتگردوں کاحملہ مقابلے میں اہم ٹی ٹی پی کمانڈر ہلاک

ہلاک دہشت گرد حافظ نثار کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے رکھی گئی تھی، ڈی پی او راجہ صبور

دہشت گردوں کے قبضے سے دستی بم ، کلاشنکوف ، 2 پستول اور 300 سے زائد گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ فوٹو فائل

سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کرنے والا کالعدم تحریک طالبان کا اہم کمانڈر حافظ نثار ہلاک جب کہ اس کے ایک ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔


ڈی پی او بٹگرام راجہ صبور کا پولیس چیک پوسٹ پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گزشتہ رات دہشت گردوں نے تھاکوٹ پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جب کہ ایک زخمی ہوگیا تھا، پولیس اور سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک جب کہ ایک زخمی ہو گیا تھا، پولیس نے زخمی دہشت گرد صاحب اللہ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت حافظ نثار کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا جب کہ صوبائی حکومت کی جانب سے اس کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر تھی۔ دہشت گردوں کے قبضے سے دستی بم ، کلاشنکوف ، 2 پستول اور 300 سے زائد گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔
Load Next Story