ماڈل ٹاؤن میں 14 لاشیں گریں اور 14 ہی قصاص لیں گے طاہرالقادری

جھوٹے، باطل اورظالموں کے اقتدار کا سورج غروب ہونے والا ہے، سربراہ پاکستان عوامی تحریک

جھوٹے، باطل اورظالموں کے اقتدار کا سورج غروب ہونے والا ہے، سربراہ پاکستان عوامی تحریک فوٹو : فائل

KARACHI:
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں بے گناہ 14 افراد کی لاشیں گری تھیں ہم حکومت سے 14 ہی قصاص لیں گے۔

راولپنڈی میں شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرطاہرالقادری کا کہنا تھا کہ 17 جون 2014 کو حکمرانوں نے بے گناہ 14 افراد کی لاشیں گرائی تھیں اب 14 ہی قصاص لئے جائیں گے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتدارایک سائے کی مانند ہے جو ہمیشہ نہیں رہتا جھوٹے، باطل اورظالموں کے اقتدار کا سورج غروب ہونے والا ہے، ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا خون حکمرانوں کو انجام تک پہنچانے والا ہے اب انہیں بستر سمیٹنے کا موقع بھی نہیں ملے گا۔


سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ حکومت کے بڑے بڑے وزرا میرے پاس معافی مانگنے آئے تھے اگر میرا بیٹا شہید ہوتا تو شاید میں معاف بھی کردیتا لیکن یہ معاملہ دیگر لوگوں کا ہے شہدا کے لواحقین کو بھی مال و دولت سے خریدنے کی کوشش کی گئی جبکہ حکومت کی جانب سے ڈرایا اور دھمکایا بھی گیا لیکن ہمارے حوصلے پست نہیں ہوئے ہمیں یقین ہے کہ شہدا ماڈل ٹاؤن کا خون رنگ لائے گا اور پوری دنیا اپنی آنکھوں سے اس سرزمین پرانصاف ہوتا دیکھے گی۔

Load Next Story