جیلوں کی خالی اسامیوں کو فوری پر کیا جائے منظور وسان
قیدیوں کو جیل مینوئل کے مطابق سہولتیں مہیا کی جائیں، اجلاس سے خطاب.
صوبائی وزیر جیل خانہ جات و معدنیات منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری جیلوں کے نظام میں بہتری لانے اور قیدیوں کی بہبود میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں اور اس ضمن میں کسی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر منظور حسین وسان نے سندھ بھر کی جیلوں کے انتظامی امور کو بہتر بنانے اور اس ضمن میں خالی اسامیوں پر نئی بھرتیوں کے ذریعے عملے کی کمی کو پر کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایات دیں، یہ ہدایات انھوں نے منگل کر اپنے دفتر میں محکمہ جیل خانہ جات کے سینئر افسران کے ایک اجلاس میں دیں اجلاس میں آئی جی جیل خانہ جات سندھ ظفر بخاری ، اسپیشل سیکریٹری محکمہ جیل خانہ جات علی حسن بروہی کراچی ، حیدرآباد اور سکھر کے ڈی آئی جیز جیل خانہ جات اور دیگر افسران موجود تھے۔
منظور حسین وسان نے افسران کو ہدایت کی کہ جیلوں کی سیکیورٹی کیلیے جیلوں کے اطراف میں کنکریٹ دیواروں کی تعمیر کے لیے جائزہ لیا جائے اور اقدامات اور عملے کی تعیناتی کا خصوصی خیال رکھا جائے ، انھوں ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کو جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولتیں مہیا کی جائیں ، قیدیوں کو مناسب علاج معالجہ ، ادویات اور معیاری کھانا فراہم کیا جائے۔