وزیراعظم نوازشریف نریندرمودی کی دوستی کی خاطر مقبوضہ کشمیرمیں ظلم پرخاموش ہیں بلاول بھٹو

وزیراعظم بھارتی حکومت کو کشمیر میں قتل عام روکنے کیلئے سخت ردعمل دیں،چیئرمین پی پی پی


ویب ڈیسک July 10, 2016
وزیراعظم بھارتی حکومت کو کشمیر میں قتل عام روکنے کیلئے سخت ردعمل دیں،چیئرمین پی پی پی فوٹو؛ فائل

لاہور: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کی دوستی کی خاطر کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم پر خاموش ہیں۔

بلاول بھٹوزرداری نے بھارتی فوج کی بربریت کے نتیجے میں 18 کشمیریوں کی شہادت پر مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی ہم منصب نریندر مودی نے کشمیریوں کو نشانہ بنانے کی ایک جیسی حکمت عملی اپنا رکھی ہے تاہم پیپلزپارٹی کشمیریوں کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر آواز بلند کرے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ نوازمودی دوستی نے کشمیر کاز کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا، وزیراعظم نواز شریف بھارتی حکومت کو کشمیر میں قتل عام روکنے کے لئے سخت ردعمل دیں اور مودی سے دوستی اور کشمیر دشمن رويہ ترک کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نریندر مودی کی دوستی کی خاطر کشمیر میں ظلم پر خاموش ہیں، پیپلزپارٹی اپنے کشمیری بھائیوں کے لئے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔