ترکی میں کرد باغیوں کے حملوں میں 6 ترک فوجیوں سمیت 7 افراد ہلاک

پہلے واقعے میں گشت پر مامور فوجی گاڑی سڑک کنارے نصب بم سے ٹکراگئی، ترک فوجی حکام


ویب ڈیسک July 10, 2016
پہلے واقعے میں گشت پر مامور فوجی گاڑی سڑک کنارے نصب بم سے ٹکراگئی ترک فوجی حکام فوٹو:فائل

ترکی میں عراق کی سرحد کے قریب کرد باغیوں کے حملوں میں 6 ترک فوجیوں سمیت 7 افراد ہلاک جب کہ 15 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی میں عراقی بارڈر سے متصل صوبے ہکاری میں کرد باغیوں کے 2 مختلف حملوں میں 6 فوجیوں سمیت 7 افراد ہلاک جب کہ 10 فوجیوں سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے جس میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ترک آرمی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے پہلے واقعے میں گشت پر مامور فوجی گاڑی سڑک کنارے نصب بم سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں 5 فوجی ہلاک جب کہ دوسرے واقعے میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار سمیت مقامی گارڈ مارا گیا، واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری طلب کرکے علاقے میں آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ترک افواج 1984 سے باغیوں کے خلاف لڑائی میں مصروف ہیں جس کے نتیجے میں اب تک ہزاروں افراد مارے جاچکے ہیں جب کہ گزشتہ سال جولائی سے فوج اور باغیوں کے درمیان جاری لڑائی شدت اختیار کرگئی ہے جس کے باعث 400 کے قریب سیکیورٹی اہلکار مارے جاچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔