مقبوضہ کشمیر میں طاقت کا استعمال کشمیری عوام کو حق خودارادیت سے نہیں ہٹا سکتا وزیراعظم

اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کشمیریوں کا حق ہے، وزیراعظم نواز شریف


ویب ڈیسک July 10, 2016
بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے وعدے پورے کرے، وزیراعظم نواز شریف۔ فوٹو؛ فائل

وزیراعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیروں پر طاقت کا استعمال انہیں حق خود ارادیت سے نہیں ہٹا سکتا۔



مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے تحریک آزادی کے سرگرم کارکن برہان وانی سمیت 21 افراد کی شہادت پر وزیراعظم نواز شریف نے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ شہریوں کے خلاف طاقت کا غیرقانونی استعمال افسوس ناک ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کشمیریوں کا حق ہے اور طاقت کا استعمال کشمیری عوام کو حق خودارادیت سے نہیں ہٹا سکتا۔



وزیراعظم نے کشمیری رہنماؤں کی نظربندی پر بھی اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت اپنی انسانی حقوق کی ذمہ داریاں پوری کرے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے وعدے پورے کرے۔





ترجمان دفترخارجہ نفیس ذکریا نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جموں کشمیر پر قابض فوج کے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج اپنی بربریت کے ذریعے کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے مطالبے سے دستبردار نہیں کروا سکتی، ایسی کارروائیاں کشمیری عوام کے حقوق سلب کرنے کے مترادف اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں، کشمیری قائدین اور شہریوں کا قتل بھارتی جارحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے کیونکہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ہی ممکن ہے۔ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی غیرجانبدارانہ رائے شماری کرائی جائے۔





بلاول بھٹوزرداری نے بھارتی فوج کی بربریت کے نتیجے میں 21 کشمیریوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی ہم منصب نریندر مودی نے کشمیریوں کو نشانہ بنانے کی ایک جیسی حکمت عملی اپنا رکھی ہے تاہم پیپلزپارٹی کشمیریوں کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر آواز بلند کرے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ نوازمودی دوستی نے کشمیر کاز کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا، وزیراعظم نواز شریف بھارتی حکومت کو کشمیر میں قتل عام روکنے کے لئے سخت ردعمل دیں اور مودی سے دوستی اور کشمیر دشمن رويہ ترک کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نریندر مودی کی دوستی کی خاطر کشمیر میں ظلم پر خاموش ہیں، پیپلزپارٹی اپنے کشمیری بھائیوں کے لئے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔





چيئرمين تحريک انصاف عمران خان نے مقبوضہ کشمیر ميں قتل وغارت گری كي شديد مذمت كرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا كہ كشميری عوام پربھارت سركار كے ظلم پرعالمی برادری کی خاموشی انتہائی تشویشناک ہے، اقوام متحدہ كشميركے حوالے سے اپنے فرائض كی انجام دہی ميں ناكام رہا ہے، انسانی حقوق كی خلاف ورزی کی مخصوص تعريف عالمی امن كے لئے انتہائی خطرناک ہے، بھارت كشميری عوام كو رياستی جبر سے غلام بنانے كی بجائے ان كی امنگوں كا احساس كرے۔





قومی اسمبلی ميں قائد حزب اختلاف سيد خورشيد شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم مقبوضہ كشمير ميں بھارتی بربريت اور ظلم كا نشانہ بننے والے نہتے كشميريوں كے ساتھ كھڑے ہيں اور بھارتی جارحيت كی بھر پور مذمت كرتے ہيں، مقبوضہ كشمير كے بہادر عوام نہ تو حق خود اراديت كے مطالبے سے پيچھے ہٹيں گے اور نہ ہی بھارتی ظلم و جبر كے آگے سر جھكائيں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ كشمير کی آزادی کے لئے پیپلزپارٹی نے ہميشہ نماياں اور بھر پور كردار ادا كيا اورہرمشكل اورآزمائش كی گھڑي ميں ہم كشميری عوام كے ساتھ كھڑے ہيں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔