حصص مارکیٹ میں زبردست تیزی سے401 پوائنٹس کا اضافہ

کاروبار کا اختتام مثبت انداز میں ہوا اور تیزی کا تسلسل کاروبار کے اختتام تک جاری رہا

کاروبار کا اختتام مثبت انداز میں ہوا اور تیزی کا تسلسل کاروبار کے اختتام تک جاری رہا۔ فوٹو: آئی این پی/فائل

PARACHINAR:
عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد پہلے کاروباری سیشن کے دوران پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بھرپور تیزی کا رجحان رہا، سرمایہ کاروں نے مختلف شعبوں میں خریداری کی جس کے نتیجے میں بنچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس کئی حدیں عبور کر گیا، تیزی کے باعث بیشتر حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں اور مارکیٹ کا سرمایہ 69ارب 54 کروڑ 51لاکھ روپے بلند ہوگیا۔

ماہرین کے مطابق بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی کا رجحان پاکستانی اسٹاک مارکیٹ میں بھی غالب رہا، دوسری جانب وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد سیاسی چہ مہ گوئیوں کے خاتمے نے بھی سرمایہ کاروں کا اعتماد بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا، کاروبار کا اختتام مثبت انداز میں ہوا اور تیزی کا تسلسل کاروبار کے اختتام تک جاری رہا، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 401.20پوائنٹس کے اضافے سے 38367.96پوائنٹس پر بند ہوا، کاروباری حجم میں بھی اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔


گزشتہ روز مجموعی طور پر 15کروڑ 95 لاکھ 11ہزار 100حصص کا کاروبار ہوا، عید کی تعطیلات سے قبل آخری کاروباری سیشن میں 11کروڑ 6لاکھ 21 ہزار750حصص کا کاروبار ہوا تھا، مارکیٹ کے مجموعی سرمائے کی مالیت 69ارب 54 کروڑ 51 لاکھ روپے اضافے سے 77کھرب 93کروڑ 33لاکھ 80ہزار روپے تک پہنچ گئی، پیر کو مجموعی طور پر 323کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 202کے حصص کی قیمت میں اضافہ، 97کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں کمی اور 24کی قیمت میں استحکام رہا۔ سودوں کے لحاظ سے نمایاں کمپنیوں میں سوئی نادرن گیس کمپنی، کے الیکٹرک لمیٹڈ، دیوان سیمنٹ، بائیکو پیٹرولیم، اینگرو فوڈز لمیٹڈ، اینگرو فرٹیلائزر، ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ، فوجی سیمنٹ، سوئی سدرن گیس کمپنی اور پاک انٹرنیشنل بلک شامل رہے۔

حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے لحاظ سے رفحان میز اور فیروز سنز لیبارٹری سرفہرست رہے، رفحان میز کے حصص کی قیمت 254.99روپے اضافے سے 7824.99 روپے جبکہ فیروزسنز لیبارٹریز کے حصص کی قیمت 39.72روپے اضافے سے 1084.15روپے ہو گئی، ایکسائڈ پاک اور پریمیئر شوگر کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، ایکسائڈ پاک کے حصص کی قیمت 9روپے کمی کے بعد 785روپے جبکہ پریمیئر شوگر کے حصص کی قیمت 7.55روپے کمی کے بعد 153روپے کی سطح پر آگئی۔
Load Next Story