پاناما لیکس کے معاملے پر اپوزیشن کو نہیں حکومت کو لچک دکھانا ہوگی خورشید شاہ

وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے درمیان ملاقات میں الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری پر تبادلہ خیال


ویب ڈیسک July 12, 2016
وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے درمیان ملاقات میں الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری پر تبادلہ خیال فوٹو: فائل

قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر اپوزیشن کسی قسم کی لچک کا مظاہرہ نہیں کرے گی تاہم حکومت کو لچک دکھانا ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی ملاقات ہوئی جس کے دوران الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری سمیت دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار سے خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات کے دوران الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری سے متعلق مختلف ناموں پر بات چیت ہوئی تاہم اپوزیشن سے مشاورت کے بعد ممبران کے نام حکومت کو دوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار سے ابھی ابتدائی ملاقات ہوئی ہے، جمعہ کو دوبارہ ملاقات ہوگی اور امید ہے کہ بہت جلد کسی نتیجے تک پہنچ جائیں گے۔

پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ کیا ملاقات کے دوران پاناما لیکس پر بات ہوئی جس پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر بعد میں بات ہوگی تاہم اپوزیشن پاناما لیکس کے معاملے پر کسی قسم کے لچک کا مظاہرہ نہیں کرے گی کیوں کہ حکومت کو اس معاملے پر لچک دکھانا ہوگی۔

اس موقع پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار کاکہنا تھا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کے ممبران کے ناموں پر مشاورت کی جب کہ بائیسویں ترمیم ہمیں 25 جولائی تک الیکشن کمیشن کے ممبران کے ناموں کے اعلان کا وقت دیتی ہے اورامید ہے کہ اس سے قبل اپوزیشن الیکشن کمیشن ممبران کے نام تیار کرلے گی، کوشش ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر معاملات حل ہوجائیں گے اور حکومت اور اپوزیشن کے نام فائنل ہونے پر پالیمانی کمیٹی کو بھجوائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔