ملک کو امن استحکام اورترقی کی شاہراہ پرڈال دیا وزیراعظم

کراچی میں آپریشن اور شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے نتائج سے مطمئن ہیں، وزیراعظم


ویب ڈیسک July 12, 2016
ملک سے توانائی بحران 2018ء تک ختم کر دیں گے، وزیر اعظم فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک کو امن، استحکام اورترقی کی شاہراہ پرڈال دیا ہے۔

رائے ونڈ میں وزیراعظم نوازشریف سے چیئرمین وارد ٹیلی کام شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے ملاقات کی، اس موقع پر کئی اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے وزیراعظم کی کامیاب سرجری اور جلد صحت یابی پر خوشی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے ملک کو درپیش بحرانوں سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات پرتفصیل سے روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک میں امن و امان کی بہتری اورمعاشی ترقی کے لیے انتہائی اہم اقدام اٹھائے ہیں۔ ہم دہشت گردی کےخاتمے کے لیے دن رات کوشاں ہیں، ان کی حکومت میں کراچی میں آپریشن اور شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب تمام اسٹیک ہولڈرزکے مشورے سےشروع کیا، دونوں آپریشنز نے قیام امن میں مدد کی ہے اور ان کے نتائج سے مطمئن ہیں۔ اس کے علاوہ ملک میں توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، ملک سے توانائی بحران 2018 تک ختم کردیں گے، حکومت نے صنعتی شعبے کو بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنا دی ہے، ایل این جی کے شعبہ میں شفاف معاہدے سے اگلے سال گیس کی قلت ختم ہو گی۔

ملک میں جاری دیگر ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں اس وقت 900 ارب روپے سے 13 موٹرویز زیر تعمیر ہیں، سال کے آخر تک موٹرویزپرسرمایہ کاری ایک ہزار ارب روپے سے زیادہ ہو جائے گی۔ پاک چین اقتصادی راہ داری سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کی قسمت بدل دے گا، یہ منصوبہ خطے کے کروڑوں افراد کی زندگیاں بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہ راہداری پورے خطے کو سڑکوں اورریلوے ٹریک کے ذریعے باہم منسلک کردے گی۔ اس لیے وہ اقتصادی راہداری منصوبے کی وہ خود نگرانی کررہے ہیں۔

شیخ نیہان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے دنیا بھرمیں پاکستان کا صحیح تشخص اجاگرکیا ہے، پاکستان نے تین سال میں معیشت کے تمام شعبوں میں مثبت کارکردگی دکھائی ہے۔ موجودہ حکومت کی بہترپالیسیوں سے پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکزبن گیا ہے۔ انہیں پاکستان کو معاشی طور پر پھلتا پھولتا دیکھ کر خوشی ہورہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔