کراچی اسٹیٹ لائف بلڈنگ کے آٹھویں فلور پر آگ بھڑک اٹھی ایک شخص جاں بحق

ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔

آگ میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کی ٹیموں نے باہر نکالا لیا. فوٹو ایکسپریس

صدرمیں واقع اسٹیٹ لائف بلڈنگ میں آگ لگنے کے نتیجے میں جان بچانے کی کوشش کرتے ہوئے نوجوان نے آٹھویں منزل سے چھلانگ لگادی، 22 سالہ اویس بلڈنگ میں انٹرویو دینے کے لئے آیا تھا۔

اسٹیٹ لائف بلڈنگ میں آگ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہکار پہنچ گئے، امدادی کاروائی میں 5 فائر ٹینڈرز، ایک اسنارکل اور ایک واٹر باؤزر نے حصہ لیا تاہم ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔


چیف فائر آفیسر احتشام الدین نے عمارت کو کلیئر قرار دیتے ہوئے کہا کہ آگ سب سے پہلے عمارت کی دوسری منزل پر لگی جو پھیلتے پھیلتے آٹھویں منزل تک جا پہنچی، ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔

آگ میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کی ٹیموں نے باہر نکالا لیا اور اسی دوران آٹھویں منزل پر انٹرویو کے لئے آئے 22 سالہ نوجوان اویس نے بالائی منزل سے چھلانگ لگادی جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے نوجوان کی موت کی تصدیق کی۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور رہنما ایم کیو ایم رضا ہارون بھی موقع پر پہنچے اور واقعے کی تفصیلات معلوم کیں، اس موقع پر شہریوں نے شکایت کی کہ اسنارکل موقع پر دیر سے پہنچی ورنہ آگ میں پھنسے نوجوان کو چھلانگ لگانا نہ پڑتی۔

Recommended Stories

Load Next Story