ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس میں ایدھی فنڈ قائم کرنے کا اعلان

ان فنڈز سے حاصل ہونے والی رقم ہر ماہ ایدھی فاؤنڈیشن میں جمع کرائی جائے گی


Khususi Reporter July 13, 2016
ان فنڈز سے حاصل ہونے والی رقم ہر ماہ ایدھی فاؤنڈیشن میں جمع کرائی جائے گی۔ فوٹو؛ فائل

تاجروں نے ملک بھر کے 50 سے زائد چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں عالمی شہرت یافتہ نامور سماجی کارکن عبدالستار ایدھی مرحوم کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے ایدھی فنڈ قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ان فنڈز سے حاصل ہونے والی رقم ہر ماہ ایدھی فاؤنڈیشن میں جمع کرائی جائے گی۔ منگل کی شام اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے پاکستان کی معروف سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالرؤف، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ، سینئر نائب صدر شیخ پرویز احمد، نائب صدر شیخ عبدالوحید، فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین خالد جاوید اور آئی سی سی آئی کے سابق صدور سمیت تاجر برادری کی بڑی تعداد اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے تعزیتی ریفرنس میں شرکت کی۔

شرکا نے عبدالستار ایدھی کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا، سوگواران کے ساتھ دلی اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے لیے دعا مغفرت کی اور کہا کہ ایدھی صاحب کی وفات سے پاکستانی قوم عظیم شخصیت سے محروم ہو گئی ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالرؤف نے عبدالستار ایدھی مرحوم کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ عبدالستار ایدھی مرحوم کا نام پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا کیونکہ انہوں نے اپنی زندگی دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کی ہوئی تھی، عبدالستار ایدھی انسانیت کے لیے راہ مشعل تھے اور ان کے نیک مشن کو جاری رکھنے کے لیے ہم سب کو اپنی اپنی سطح پر مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ عبدالستار ایدھی قوم کا عظیم سرمایہ تھے کیونکہ انہوں نے اپنی پوری زندگی قوم کے محروم، لاوارث اور غریب افراد کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی، ایدھی صاحب کو خراج تحسین پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ ان کے نیک مشن کو آگے بڑھانا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں