وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی نظام کے خلاف ہڑتال کی حمایت کرنے والی مسلم لیگ(ن)پہلے پنجاب سے پرویزمشرف کے دور کا بلدیاتی نظام ختم کرے ۔
کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی سندھ میں کوئی سیاسی حیثیت نہیں اوروہ یہاں سے ایک کونسلر تک منتخب نہیں کراسکتے،انہوں نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی نظام کی مخالفت کرکے مسلم لیگ(ن)اپنی سیاسی دکان چمکانا چاہتی ہے اگر نواز شریف سندھ کے عوام سے مخلص ہیں تو وہ پنجاب میں بھی سندھی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ہڑتال کریں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی نظام کے حوالے سے کچھ اتحادیوں کو تحفظات ہیں تو اس حوالے سے ان کے تحفظات کو دورکیا جائے گا جس کے لئے بات چیت کا عمل بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ہرایک کو احتجاج کا حق حاصل ہے لیکن بلدیاتی نظام کے خلاف 30نومبر کو ہڑتال کی جو کال دی گئی ہے اس دوران کسی نے بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو پھرقانون بھی حرکت میں آئے گا۔