مسائل کا حل احتجاج کی سیاست نہیں بلکہ مذاکرات ہے وزیراعظم

اپنی سرزمین سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئےآپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا جسکی کامیابی پربےحد خوش اور مطمئن ہیں، وزیراعظم


ویب ڈیسک July 13, 2016
اپنی سرزمین سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئےآپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا جسکی کامیابی پربےحد خوش اور مطمئن ہیں، وزیراعظم. فوٹو:فائل

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ احتجاج کی سیاست کو پاکستانی عوام قبول نہیں کرتے اور مسائل کا حل صرف اور صرف مذاکرات ہے۔

وزیراعظم نواز شریف سے جاتی امرا میں جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار اور جے یو آئی (ف) کے رہنما اکرم درانی بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کی خیریت دریافت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جب کہ انہوں نے کشمیری قیادت سے ملاقات کے بارے میں بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں کشمیر سمیت قومی اہمیت کے دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اپنی سر زمین سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہم نے آپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا جس کی بھرپور کامیابی پر بے حد خوش اور مطمئن ہیں، اب ہماری کوشش ہے کہ 2018 تک ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ بھی کیا جائے جب کہ حکومت وہ تمام اقدامات کر رہی ہے جس سے انڈسٹریل سیکٹر کو بلا تعطل بجلی فراہم ہوتی رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور عوام دھرنوں اور احتجاج کی سیاست قبول نہیں کرتے اس لئے مسائل کا حل صرف اور صرف مذاکرات میں ہے۔

وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں تحریک آزادی کے کمانڈر برہان مظفروانی سمیت درجنوں افراد کی شہادت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کے جذبات کی قدر کرتی ہے، ظلم اور تشدد سے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔