پریذیڈنٹ ٹرافی عمر امین ٹرپل سنچری کے قریب ہمت ہار گئے

خالد لطیف نے128 رنز بنائے، پورٹ قاسم نے سیزن کابڑا اسکور 675 بنایا۔ کے آر ایل نے نیشنل بینک کو10وکٹ سے ہرادیا۔


Sports Desk November 29, 2012
کے آر ایل نے نیشنل بینک کو 10وکٹ سے ہرادیا۔ فوٹو : فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی میں حبیب بینک اور پورٹ قاسم کا مقابلہ ڈرا کی جانب گامزن ہوگیا۔

پی کیو اے نے اننگز 6 وکٹ 675 پر ڈیکلیئرڈکردی، عمرامین ٹرپل سنچری کے قریب ہمت ہار گئے اور281رنز پر میدان بدر ہوئے، خالد لطیف نے128 کی اننگز کھیلی،کے آر ایل نے نیشنل بینک کو10وکٹ سے ہرایا،فاتح ٹیم نے37 رنز کا ہدف بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کرلیا، زرعی ترقیاتی بینک نے یوبی ایل کو شکست کے دہانے پر پہنچا دیا، فالو آن کے بعد بینک کی ٹیم157 پر 6وکٹیں کھوبیٹھی،واپڈا کے خلاف کامیابی کیلیے 356رنز کا تعاقب کرتے ہوئے پی آئی اے نے چار وکٹ پر 101 رنز بنا لیے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق نویں اور اختتامی رائونڈ کے تیسرے دن ڈائمنڈ گرائونڈ، اسلام آباد پر حبیب بینک کیخلاف پورٹ قاسم نے سیزن کا سب سے بڑا مجموعہ 675 ترتیب دے دیا، ٹیم نے 6 وکٹ پر اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا، واضح رہے کہ گذشتہ دن ہی زیڈ ٹی بی ایل نے 6 وکٹ 643 رنز بناکر سیزن کا بڑا ٹوٹل اپنے نام کیا تھا لیکن یہ ریکارڈ محض ایک دن ان کے قبضے میں رہ پایا، عمرامین ٹرپل سنچری مکمل نہیں کرسکے، وہ 281 رنز بناکر میدان بدر ہوئے، خالد لطیف نے بھی 128 کی اننگز کھیلی، عمران فرحت نے 2 وکٹیں لیں، ایچ بی ایل نے جوابی اننگز میں4 گیندوں کے ممکنہ کھیل پر بغیر کوئی وکٹ کھوئے 6رنز بنالیے۔

راولپنڈی میں کے آر ایل نے نیشنل بینک کو10وکٹ سے ہرایا، بینک کی ٹیم دوسری اننگز میں 52.5 اوورز میں 152 پر ہمت ہار بیٹھی،کامران اکمل48،سمیع اسلم30 اور وہاب ریاض 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، 115رنز کی برتری رکھنے والی ٹیم کے آر ایل کو فتح کیلیے محض37 رنز کا ہدف ملا جو اس نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کرلیا، زین عباس 23 اور طیب ریاض 16پر ناٹ آئوٹ رہے، فاتح ٹیم کے علی خان نے میچ میں 8 وکٹیں لیں۔مرغزار گرائونڈ پر زرعی ترقیاتی بینک نے یوبی ایل کو شکست کے دہانے پر پہنچا دیا۔

فالو آن کے بعد بینک کی ٹیم157 پر 6وکٹ کھوچکی،زوہیب خان دوسری باری میں بھی 3وکٹیں لے کر اب تک 6 شکار کرچکے ہیں، علی اسد 31رنز بناکر میدان بدر ہوئے جبکہ کاشف بھٹی 31رنز پر ہی وکٹ پر موجود ہیں۔اس سے قبل زیڈ ٹی بی ایل کے 6وکٹ643ڈیکلیئرڈ کے جواب میں یوبی ایل کی ٹیم پہلی اننگز میں 179 پر آئوٹ ہوگئی، علی اسد نے 33 کی اننگز کھیلی، محمد خلیل اور زوہیب نے 3،3 کھلاڑیوں کو قابو کیا۔آزاد کشمیر کے میرپور اسٹیڈیم پر واپڈا کے خلاف کامیابی کیلیے پی آئی اے 356رنز کا تعاقب کرتے ہوئے 101 پر چار وکٹوں سے محروم ہو گئی، فیصل اقبال 41 اور شعیب خان 25رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں۔

فاسٹ بولر جنید خان نے21 رنزدے کر چاروں وکٹیں اپنے نام کیں،اس سے قبل واپڈا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 88رنز 5وکٹ سے شروع کی اور پوری ٹیم 50.3 اوورز میں 209رنز بناکر آئوٹ ہوگئی،حافظ سعدنسیم 27 پر ناٹ آئوٹ رہے، کامران ساجد نے 3 جبکہ معروف عزیز اور اعزاز چیمہ نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

نیشنل گرائونڈ، اسلام آباد پراسٹیٹ بینک کیخلاف سوئی ناردرن کی پوزیشن مستحکم ہوگئی، ٹیم نے دوسری باری میں36.5 اوورز میں2 وکٹ پر149رنز اسکور بورڈ پر سجاکر مجموعی برتری 342 تک پہنچادی، عمراکمل54 اور علی وقاص44رنز کے ساتھ حریف بولرز کیلیے آزمائش بنے ہوئے ہیں، عظیم گھمن38رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، اس سے قبل سوئی ناردرن کے ٹوٹل 310 کے جواب میں ایس بی پی کی ٹیم 117رنز پر ڈھیر ہوگئی، کاشف صدیقی 39رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کرپائے ، سمیع اللہ نیازی اور بلاول بھٹی نے 4،4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں