پاکستان اور امریکا کے تعلقات بہتر خطوط پر استوار ہوچکے ہیں حنا ربانی کھر

پاکستان افغانستان میں امن کے قیام کے لئے بھرپور مدد کرے گا، حنا ربانی کھر۔

وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں کشیدگی اب کافی حد تک دور ہو چکی ہے۔ فوٹو: رائٹرز

وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان عسکری اور خفیہ معلومات کے تبادلے کے حوالے سے تعلقات پوری طرح سے بحال ہوچکے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلا سے پہلے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا بہتر ہونا انتہائی ضروری تھا، انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کے قیام کے لئے بھرپور مدد کرے گا۔


وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں کشیدگی اب کافی حد تک دور ہو چکی ہے اور دونوں ممالک افغانستان میں امن کے قیام کے لئے مثبت انداز میں مذاکرات کر رہے ہیں۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان نےافغانستان میں امن کے فروغ کے لئے حال ہی میں کئی افغان طالبان قیدیوں کو بھی رہا کیا، انہوں نے ملا عبدالغنی برادر کی رہائی کے حوالے سے یقینی طور پر کچھ بھی کہنے سے گریز کیا۔
Load Next Story