قومی ٹوئنٹی 20 کرکٹ یکم دسمبر سے آغاز 12 ریجنز کی 14 ٹیمیں شریک

لاہور میزبان، حفیظ بطور عام پلیئر حصہ لینگے، مصباح، یوسف، یونس، آفریدی، شعیب اورعمر گل مختلف ٹیموں کے کپتان مقرر۔


Sports Reporter November 29, 2012
پنجاب حکومت کے ساتھ میٹنگز حوصلہ افزا رہیں، سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے، پی سی بی آفیشل۔ فوٹو: فائل

پاکستان ٹیم کی سلیکشن کیلیے انتہائی اہمیت اختیار کر جانے والا ڈومیسٹک ٹوئنٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ یکم دسمبر سے لاہور میں شروع ہوگا۔

ماضی قریب میں عمدہ پرفارم نہ کرنے والے سینئرز کو نوجوان باصلاحیت جونیئرز کا چیلنج درپیش ہے، مختصر طرز میں قومی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ عام کھلاڑی کے طور پر شریک ہوں گے، ٹیسٹ قائد مصباح الحق فیصل آباد کی کمان سنبھالیں گے،محمد یوسف لاہور لائنز، یونس خان ایبٹ آباد، شاہد آفریدی کراچی ڈولفنز اور شعیب ملک سیالکوٹ کی قیادت کرینگے، عمر گل اسلام آباد، توفیق عمر لاہور ایگلز، سہیل تنویر راولپنڈی، رمیز راجہ کراچی زیبراز، عبدالرئوف ملتان، رضوان احمد حیدر آباد،اکبر بادشاہ پشاور، گوہر فیض کوئٹہ اور بلال خلجی بہاولپور کے کپتان ہونگے۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر 12 ریجنز کی 14 ٹیمیں شریک ہوں گی، بہاولپور ریجن تاریخ میں پہلی بار پی سی بی کے کسی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گا، ایونٹ کے میچز قذافی اسٹیڈیم، ایل سی سی اے اور باغ جناح میں کھیلے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سالہا سال سے جاری دہشت گردی نے انٹرنیشنل مقابلوں کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ پر بھی اثر انداز ہونا شروع کردیا ہے،قومی ٹوئنٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کراچی میں شیڈول تھا لیکن محرم میں یکے بعد دیگرے بم دھماکوں کے بعد بورڈ نے اسے لاہور منتقل کرنے کا فیصلہ کیا، گزشتہ ایک دو روز میں حکومت پنجاب سے سیکیورٹی کے معاملات طے ہونے کے بعد بورڈ نے اپنے فیصلے پر مہر ثبت کر دی، پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک ذاکر خان نے جی ایم میڈیا ندیم سرور کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایونٹ میں شریک ٹیموں کو 2گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں لاہور لائنز، کراچی زیبراز، سیالکوٹ اسٹالینز، اسلام آباد لیپرڈ، ایبٹ آباد فالکنز،ملتان ٹائیگرز، کوئٹہ بیئرز جبکہ گروپ بی میں کراچی ڈولفنز، لاہور ایگلز، راولپنڈی ریمز، فیصل آباد وولفز، پشاور پینتھرز، حیدر آباد ہاکس اور بہاولپور اسٹیگز شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں شاہد آفریدی، مصباح الحق، محمد حفیظ، شعیب ملک، محمد یوسف، سعید اجمل، عمر گل، عمر اکمل، کامران اکمل سمیت بیشتر قومی اسٹارز ایکشن میں دکھائی دیں گے، فاتح ٹیم 20 لاکھ جبکہ رنز اپ ٹیم 10 لاکھ روپے کے انعام کی حقدار ٹھہرے گی۔

ذاکر خان نے بتایا کہ مجموعی طور پر ایونٹ کے 45 میچزمقابلے قذافی اسٹیڈیم ، ایل سی سی اے اور باغ جناح میں ہوں گے،افتتاحی روز 6 میچز شیڈول ہیں،ایل سی سی اے گرائونڈ اور باغ جناح میں پہلا میچ روزانہ 9:30 دوسرا 1:30 پر شروع ہوگا،قذافی اسٹیڈیم میں پہلے مقابلے کا آغاز 12:00، دوسرے کا04:00 بجے ہوگا۔

سیمی فائنلز8دسمبر جبکہ فائنل 9 تاریخ کو قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول کیا گیا ہے۔ دریں اثنا ایک سوال پر ذاکر خان نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ ہماری میٹنگز حوصلہ افزا رہیں، سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر ڈومیسٹک نے کہا کہ ایونٹ کو 2 دسمبر سے شروع کرانے کا پلان ضرور تھا تاہم جب بورڈ اور اسپانسر ادارے کے حکام کی ملاقات ہوئی تو سب کا یکم دسمبر پر اتفاق ہوا۔ ایونٹ کی کراچی سے لاہور منتقلی کے سوال کا جواب ذاکر خان کے بجائے جنرل منیجر ندیم سرور نے دیا، انھوں نے کہا کہ شہرقائد میں میچز کرانا بورڈ کی ترجیح تھی تاہم وہاں کے حالات کو دیکھتے ہوئے لاہور منتقل کرنا پڑا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں