ن لیگ آزاد کشمیر کا انتخاب قتل و غارت گری کے ذریعے چھیننا چاہتی ہے خورشید شاہ

وزیراعظم نوازشریف آزاد کشمیر میں کشیدگی کا نوٹس لیں، قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی


ویب ڈیسک July 15, 2016
وزیراعظم نوازشریف آزاد کشمیر میں کشیدگی کا نوٹس لیں، قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی، فوٹو؛ فائل

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) مار دھاڑ اور قتل و غارت گری کے ذریعے آزاد کشمیر کے انتخابات چھیننا چاہتی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو قتل کیا گیا اور مقدمات بھی ہمارے ہی لوگوں کے خلاف درج کرکے انہیں گرفتار کیا جارہا ہے، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کے صاحبزادے فیصل راٹھور پر بھی گزشتہ روز فائرنگ کی گئی جس سے صاف ظاہر ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں ماردھاڑ اور قتل و غارت گری کے ذریعے انتخابات چھیننا چاہتی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں (ن) لیگ اور پی پی کارکنوں میں خونی تصادم، 5 افراد جاں بحق

خورشید شاہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے کشیدہ حالات کے حوالے سے جب آئی جی پولیس اسلام آباد سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں بااثر افراد شامل ہیں جن کے نام ظاہر کرنا پریشانی کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا (ن) لیگ کی روایت رہی ہے کہ اگرماڈل ٹاؤن میں 14 افراد کو قتل کیا جاتا ہے تو تحقیقاتی کمیٹی کسی بااثر کا نام لے بھی لے تو ان کے نام بعد میں مٹا دیئے جاتے ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہونے دیں گے، انصاف کا دعویٰ کرنے والے اپنی آنکھیں کھولیں، آئی جی پولیس کو پارلیمنٹ میں بلایا جائے اور ان سے پوچھا جائے کہ معاملے کے پیچھے کون سے عناصر کارفرما ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: وزیر اعظم آزاد کشمیر کا حویلی فائرنگ واقعے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا حکم

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ آئی جی پولیس جیسے اہم عہدے پر بیٹھ کر اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ باتیں کرنا بہت ہی برا فعل ہے، اس واقعہ کے بعد آئی جی اسلام آباد متنازع ہو چکے ہیں اور اس عہدے پر فائز رہنے کے قابل نہیں اس لیے انہیں فی الفور فارغ کیا جائے جب کہ وزیراعظم نواز شریف معاملے کا نوٹس لیں، ہم اس معاملے کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھی اٹھائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں