بھارتی ظلم وجبر اور مقبوضہ کشمیرکے بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیاں

لاہور مال روڈ پر بھارت کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیریوں کے لئے غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی

مظاہرے میں شریک شرکا نے ’بھارت مردہ باد‘ اکے نعرے لگائے کے ساتھ بھارتی پرچم بھی نذرآتش کیا

KARACHI:
مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی بربریت اوراس کے نتیجے میں 39 معصوم کشمیریوں کی شہادت کے خلاف ملک بھر میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یک جہتی کے لئے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف کراچی میں جماعت اسلامی کی جانب سے نماز جمعہ کے بعد ایم اے جناح روڈ پر ریلی نکالی گئی جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیری بھائیوں کے حق میں بینر اور پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جب کہ شرکا کی جانب سے 'بھارت مردہ باد' اور 'کشمیر بنے گا پاکستان' کے نعرے بھی لگائے گئے۔

یہ خبر بھی پڑھئے: حکومت کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کیخلاف 19 جولائی کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ

کراچی کے علاوہ لاہور، راولپنڈی، ملتان، پشاور سمیت دیگر شہروں میں بھی نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد کشمیری بھائیوں سے اظہار یک جہتی کے لئے ریلیاں نکالی گئیں اور بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ لاہور میں مال روڈ پر بھارت کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیریوں کے لئے غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں مسلسل ساتویں روز بھی کرفیو، شہدا کی تعداد 39 ہو گئی

آزاد کشمیر میں بھی بھارتی مظالم کے خلاف ہزاروں افراد نے احتجاجی ریلیاں نکالیں جس میں شرکاء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو ان کے جائز حقوق دیئے جائیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کا حل نکالا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے تحریک آزادی کے نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کو شہید کردیا تھا جس کے خلاف پوری مقبوضہ وادی میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جس پر قابض بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں اب تک 39 کشمیری شہید جب کہ 2000 سے زائد کو زخمی ہوچکے ہیں۔

 

 
Load Next Story