لاڑکانہ سے 10 افراد گرفتار وزیرداخلہ کے گھر کا محاصرہ نہیں کیا ترجمان رینجرز

اسد کھرل کی گرفتاری کیلیے چھاپہ مارا گیا جس میں سابق یوسی ناظم کو بھی گرفتار کرلیا گیا، ترجمان


ویب ڈیسک July 15, 2016
اسد کھرل کی گرفتاری کیلیے چھاپہ مارا گیا جس میں سابق یوسی ناظم کو بھی گرفتار کرلیا گیا، ترجمان، فوٹو؛ فائل

KARACHI: رینجرز نے موئن جو داڑو کے قریب کارروائی کرتے ہوئے سابق یوسی ناظم عابد بگھیو سمیت 10 افراد کو گرفتار کرلیا جب کہ صوبائی وزیر داخلہ کے گھر کے محاصرے کی خبروں کی تردید کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رینجرز کی حراست سے زبردستی چھڑائے جانے والے ٹی ایم اے ملازم اسد کھرل کی گرفتاری کے لیے رینجرز نے لاڑکانہ میں موئن جوداڑو کے قریب ڈیرے پر چھاپہ مارا جس میں سابق یوسی ناظم عابد بگھیو سمیت 10 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ ملزم کے دوست منصور عباسی کے گھر پر بھی چھاپا مارا گیا تاہم کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

ذرائع کے مطابق اس دوران رینجرز نے صوبائی وزیر داخلہ سندھ انورسیال کے گھر سیال ہاؤس کا محاصرہ بھی کیا تاہم اس حوالے سے ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ لاڑکانہ میں کسی کے گھر کا کوئی محاصرہ نہیں کیا گیا صرف اسنیپ چیکنگ بڑھائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 3 روز قبل ٹی ایم اے باقرانی کے جونیئر کلرک اسد کھرل کو رینجرزنے کرپشن کیس میں لاڑکانہ سے حراست میں لیا تھا لیکن اس دوران نامعلوم افراد نے حملہ کرکے انہیں چھڑالیا تھا جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد کھرل صوبائی وزیر داخلہ سہیل انورسیال کے بھائی طارق سیال کا قریبی ساتھی ہے تاہم طارق سیال نے اس کی تردید کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔