وزیراعظم کی مصباح اور یاسر شاہ کو لارڈز ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی پر مبارکباد

قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے مختلف مواقع پرثابت کیا کہ وہ دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں، وزیر اعظم


ویب ڈیسک July 16, 2016
قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے مختلف مواقع پرثابت کیا کہ وہ دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں، وزیر اعظم، فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD: وزیراعظم نواز شریف نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں قومی کپتان مصباح الحق کو سنچری بنانے اور یاسر شاہ کو 5 وکٹیں لینے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیر اعظم نوازشریف نے قومی کپتان مصباح الحق اور اسپنر یاسر شاہ کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مصباح الحق کی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں سنچری قابل فخر لمحہ ہے، انہوں نے لارڈز کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں 82 سالہ ریکارڈ توڑا ہے جس پر پوری قوم کو مصباح الحق کی شاندار کارکردگی پر فخر ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: لارڈزٹیسٹ؛ پاکستان کے 339 رنز کے جواب میں انگلینڈ کے 7 وکٹ پر 253 رنز

وزیر اعظم نے لارڈز ٹیسٹ میں 5 وکٹیں لینے پر یاسر شاہ کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عمدہ کارکردگی پر یاسر شاہ تعریف کے مستحق ہیں جب کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے یاسر شاہ کی کارکردگی قابل تقلید ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے مختلف مواقع پرثابت کیا کہ وہ دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں اور کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی سے پاکستان میں کرکٹ کا مستقبل روشن ہے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ لارڈز میں پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 114 رنز بنائے جب کہ یاسرشاہ نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے اب تک 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔