حصص مارکیٹ میں مندی 69 پوائنٹس کی کمی

انڈیکس بلندترین سطح سے نیچے آکر39188پربند، سرمایہ کاروں کو15 ارب کانقصان

کاروباری حجم21فیصدزائد،349 کمپنیوں کے 19 کروڑ 97 لاکھ حصص کے سودے فوٹو : اے ایف پی / فائل

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں عید کی تعطیلات کے بعد پہلے کاروباری روز سے شروع ہونے والی تیزی کا تسلسل ہفتے کے اختتام تک جاری نہ رہ سکا، جمعہ کو کاروباری سرگرمیوں میں مندی کا رجحان رہا جس سے مارکیٹ بلند ترین سطح سے نیچے آگئی۔

کاروبار کے دوران ایک موقع پر انڈیکس میں 156 پوائنٹس کا اضافہ ہونے کے باوجود سیشن کا اختتام 68.53پوائنٹس کی کمی پر ہوا، جمعہ کو کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوااور کاروبار مندی کی لپیٹ میں رہا، جس کی وجہ سے مارکیٹ کے مجموعی سرمائے میں 15ارب 18کروڑ روپے سے زائد کی کمی ہوگئی تاہم کاروباری حجم جمعرات کے مقابلے میں 21.11 فیصد زائد رہا، سرمایہ کاروں کی آٹو موبائل، فرٹیلائزر اورسیمنٹ سیکٹر میں کی گئی خریداری کے باعث مارکیٹ ایک موقع پر 156پوائنٹس بلند ہو گئی تھی تاہم پانامہ لیکس کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تناؤ برقرار رہنے اور امن و امان سے متعلق خدشات کی وجہ سے سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اختیار کیا، ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ کریکشن اور سرمایہ کاروں و مختلف بروکریج ہاؤسز کی جانب سے فرٹیلائزر ،پاور اور دیگر شعبوں میں منافع کے حصول کے لیے حصص کی فروخت بڑھنے کے باعث مندی غالب آگئی جو ایک موقع پر مندی 110پوائنٹس تک بھی گئی۔


تاہم کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 68.53 پوائنٹس کی کمی سے 39188.47 پوائنٹس پر بند ہوا،کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 29.23 پوائنٹس کی مندی سے 22721.41 پوائنٹس ،کے ایس سی آل شیئر انڈیکس 50.65 پوائنٹس گھٹ کر 26156.41پوائنٹس اورکے ایم آئی 30 انڈیکس 99.52 پوائنٹس کی کمی سے 69923.22 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ میں 349 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 192 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 132 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی اور 25 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا، کاروباری ہفتے کے آخری دن مجموعی طور پر19 کروڑ 97 لاکھ 96 ہزار 890 حصص کا کاروبار ہوا جبکہ جمعرات کو 16 کروڑ49 لاکھ 63 ہزار 700 شیئرز کے سودے ہوئے تھے۔

مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ15 ارب 18 کروڑ39 لاکھ81 ہزار249 روپے کم ہو کر 78 کھرب 41 ارب 21 کروڑ 93 لاکھ 4 ہزار 115 روپے رہ گیا، سب سے زیادہ اضافہ انڈس موٹرز کمپنی کے حصص کی قیمتوں میں ہوا جس کے حصص کی قیمت 42.07 روپے کے اضافے سے 1093.47 روپے پر بند ہوئی، اسی طرح انڈس ڈائنگ کے حصص کی سودے بھی 25.90 روپے کے اضافے سے 544 روپے پر بند ہوئے، سب سے زیادہ کمی پاک ٹوبیکو اور گندہارا انڈسٹری کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔

پاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمت 61.75 روپے کی کمی سے 1173.26 روپے اور گندہارا انڈسٹری کے حصص کی قیمت بھی 22.48 روپے کی کمی سے 448.29 روپے رہ گئی، سب سے زیادہ کاروبار ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ کے 1 کروڑ 57 لاکھ 92 ہزار ںحصص کا ہواجبکہ دیوان موٹرز کے بھی 1 کروڑ 23 لاکھ 91 ہزار 500 حصص کے سودے ہوئے۔
Load Next Story