ریکی کر کے 51 افراد کو قتل کروایا گرفتارملزم اسرارکا انکشاف

کالعدم تنظیم کے ٹارگٹ کلر عامر بھائی نے اورنگزیب فاروقی کی ریکی کیلیے کرائے پر گھر دلوایا


مشتاق سرکی July 16, 2016
ہر ماہ تنخواہ دی جاتی تھی، لالچ میں آ کر ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا حصہ بنا، ملزم کی جے آئی ٹی رپوٹ فوٹو: فائل

مذہبی رہنما مولانا اورنگزیب فاروقی سمیت کراچی بھر میں 54 افراد کی ریکی کرنے والے کالعدم مذہبی جماعت سے تعلق رکھنے والے خطرناک ملزم سیداسرار عرف نثار عرف رحمان عرف چاچا کی جے آئی ٹی رپورٹ ایکسپریس کو موصول ہو گئی ہے۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق سال 2004 تک کراچی کی ایک نجی کمپنی میں10ہزارماہوار تنخواہ پرمزدوری کرنے والا اسرار لالچ میں آکرٹارگٹ کلنگ ٹیم کاحصہ بن گیا اور اس وقت تک ریکی کر کے 51 افراد کو موت کے گھاٹ اتروا چکا ہے، ملزم نے اس وقت تک 51 افراد کو قتل کروانے کا اعتراف کر لیا ہے۔

دوران تفتیش ملزم نے سی ٹی ڈی کو بتایا کہ اس کو کالعدم مذہبی جماعت کے سرگرم ٹارگٹ کلر عامرعرف بھائی نے اپنے ساتھ رکھا اوراس کو ایک ریکی ٹیم میں شامل کرکے مخالف مذہبی جماعت کے رہنماؤں اور سرگرم کارکنوں پرنظر رکھنے کا کہا گیا،ملزم کا مزید کہنا تھا کہ اس کو ایک خصوصی ٹاسک دیا گیاجس میں مجھے مولانا اورنگزیب فاروقی کے گھر کے قریب ایک گھر کرائے پردلوایا گیا اوران کی ریکی کرنے کے لیے اسی علاقے میں ایک پیاز کاٹھیلا لگاکردیا گیا۔

ملزم نے کہا کہ مولانا فاروقی پرآخری حملے کی ریکی بھی اس نے ہی کی تھی،ملزم نے بتایا کہ اس کی ٹیم کا سربراہ محمدعلی عرف عامر عرف بھائی تھاجبکہ دیگر ساتھیوں میں شیراز رٖضوی عرف حسین،پرویز عرف رمضان اورممتاز بھٹو عرف ناصر شامل تھا جو شہر کے مختلف علاقوں میں مخالفوں کوقتل کروانے کیلیے ان کے گھروں سے لیکردفاتر اور کاروبار تک کی ریکی کرتے تھے،ملزم نے کہا کہ اس کو اس کام کیلیے عامر عرف بھائی کی طرف سے ہر ماہ تنخواہ ملتی تھی جبکہ اورنگزیب فاروقی کی مکمل ریکی کرکے اسے قتل کروانے پرعامر عرف بھائی کی طرف سے سی این جی رکشہ تحفے میں دینے کاوعدہ کیاگیاتھا۔

ملزم نے تفتیشی حکام کوبتایا کہ اس نے ملیر،داؤد گوٹھ،حیدری مارکیٹ، میٹروول،کورنگی مہران ٹاؤن، اقبال مارکیٹ، ناگن چورنگی، انڈہ موڑ سمیت مختلف علاقوں میں 51 مخالفین کی ریکی کرکے انھیں قتل کروا چکاہے،ملزم کا اصل تعلق پنجاب کے علاقے لیہ سے ہے جبکہ وہ کافی عرصے سے کراچی میں رہتا ہے، ملزم نے بتایا کہ اس کی ایک بیوی،ایک بیٹی اور4بیٹے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں