عبدالستار ایدھی کی یاد میں 50 روپے کا سکہ جاری کیا جائے گا گورنر اسٹیٹ بینک

یادگاری سکے کا اجرا پاكستانی قوم کی جانب سے اپنے محسن كو خراجِ تحسين پيش کرنے کی چھوٹی سی کاوش ہے،گورنر اسٹیٹ بینک


ویب ڈیسک July 16, 2016
فلاحی کاموں میں سب سے پہلا نام عبدالستار ایدھی کا آتا ہے لاوارثوں کا وارث بننا ایدھی مرحوم کا ہی خاصہ تھا، گورنر اسٹیٹ بینک : فوٹو: فائل

گورنر اسٹیٹ بینک اشرف وتھرا نے کہا ہے مرکزی بینک عبدالستار ایدھی کی یاد میں 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرے گا اور اس کے لیے وزیر اعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی منظوری بھی حاصل کرلی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کراچی میں معروف سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تقریب کا انعقاد کیاگیا ۔ تقریب میں گورنراسٹیٹ بینک اشرف وتھرا ، چئیرمین اسٹاک ایکسچینج ، سابق وزیر خزانہ شوکت ترین اور مرحوم کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک اشرف وتھرا نے بتایا کہ عبدالستار ایدھی کو خراج عقدیت پیش کرنے کے لیے یادگاری سکہ جاری کیا جائے گا ، جس کی مالیت 50 روپے ہوگی اور اس کے لئے اسٹیٹ بینک کی جانب سے وزیراعظم نوازشریف اور وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی منظوری حاصل کرلی گئی ہے۔ یادگاری سکے کا اجرا پاكستانی قوم کی جانب سے اپنے محسن كو خراجِ تحسين پيش کرنے کی چھوٹی سی کاوش ہے۔

اس موقع پر مرحوم عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ والد مرحوم نے ہمیشہ غریبوں ، یتیموں اور مسکینوں کی مدد کے لئےعام آدمی سے ہی عطیات مانگے وہ خود تو دار فانی سے کوچ کرگئے لیکن عوام کے دلوں میں اپنی انمٹ یادیں اور ہمارے کاندھوں پر ایک اہم فریضہ ڈال گئے۔ اس وقت ایدھی فاؤنڈیشن کو 100 بڑی ایمبولینسوں کی اشد ضرورت ہے ہم اس اہم مشن کوپورا کرنے کے لئے مزار قائد سے شروع کریں گے یہ وہی مقام ہے جہاں سے عبدالستار ایدھی عطیات جمع کرتے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں